جنگ بندی تجویز پرتہران کا جواب آج متوقع:مارکو روبیو
واشنگٹن+تہران//امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ تہران کی جانب سے جنگ بندی سے متعلق امریکی تجویز پر جواب آج متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ ایران کا جواب ایسا ہو گا جو ہمیں سنجیدہ مذاکراتی عمل کی جانب لے جا سکے۔ دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ جب بھی سفارتی طریقے سے معاملات حل کی جانب بڑھتے ہیں تو عین اسی موقع پر امریکہ ایک خطرناک فوجی مہم جوئی کا انتخاب کرتا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا کے 3 ڈسٹرائر بحری جہاز کامیابی سے آبنائے ہرمز پار کر گئے۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے 3 ڈسٹرائر بحری جہاز آبنائے ہرمز پار کر گئے، ان بحری جہازوں پر ایران کی جانب سے حملہ بھی کیا گیا مگر انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ٹرمپ نے کہا کہ البتہ حملہ کرنے والے ایرانیوں کو بہت نقصان پہنچا اور حملہ آور چھوٹی کشتیوں کو تباہ کر دیا گیا، ایرانی کشتیاں سمندر میں ڈبو دی گئی ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی بحری جہازوں پر ڈرون بھی بھیجے گئے جنہیں فضا میں ہی گرا لیا گیا۔انہوں نے کہاکہ ایران کی قیادت جنونیوں کے ہاتھ میں ہے، جنونیوں کو جوہری ہتھیار استعمال کرنے کا موقع ملتا تو بلاشبہ وہ استعمال کر ڈالتے، اب ایران کو ایٹمی ہتھیار بنانے کا موقع نہیں ملے گا۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ہم نے ایران کو آج ناک آئوٹ کیا، ڈیل پر دستخط نہ کیے تواس سے زیادہ سختی سے ناک آئوٹ کریں گے، ایران جلدی کرے۔فاکس نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکی فوج نے ایران کی قشم بندرگاہ بندر عباس پر حملہ کیا۔ اہلکار نے کہاکہ کارروائی محدود دائرہ کار میں تھی، اور کہا کہ اسے وسیع تر اضافہ یا دونوں فریقوں کے درمیان موجودہ تنا ئوکی کوششوں کے ٹوٹنے سے تعبیر نہیں کیا جانا چاہیے۔