آئی پی ایل-2022 کا شیڈول جاری، 26مارچ سے ہوگی شروعات

نئی دہلی// آئی پی ایل 2022 کا شیڈیول سامنے آگیا ہے۔ 26 مارچ سے ٹی ٹوینٹی لیگ کی شروعات ہوگی۔ آئی پی ایل گورننگ کونسل کی جمعرات کو ہوئی میٹنگ میں اس پر مہر لگی۔ پہلے ٹورنامنٹ کے 27 مارچ سے شروع ہونے کی بات سامنے آرہی تھی ، لیکن براڈ کاسٹر کی جانب سے اس میں تبدیلی کرنے کیلئے کہا گیا تھا ، جس کو بی سی سی آئی نے تسلیم کرلیا۔ ٹی ٹوینٹی لیگ کے موجودہ سیزن سے آٹھ کی جگہ دس ٹیمیں میدان میں اتر رہی ہیں۔ لکھنو سپر جائنٹس اور گجرات ٹائٹنس کو پہلی مرتبہ موقع ملا ہے۔ اس مرتبہ 60 کی جگہ 74 مقابلے کھیلے جائیں گے۔ یعنی 14 میچز زیادہ ہوں گے۔ فائنل مقابلہ 29 مئی کو کھیلا جائے گا۔ کرک بز کی خبر کے مطابق لیگ راونڈ کے 55 مقابلے ممبئی میں جبکہ 15 میچ پونے میں ہوں گے۔ آئی پی ایل گورننگ کونسل کے چیئرمین برجیش پٹیل نے کہا کہ پورا شیڈیول جلد ہی جاری کیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ خالی اسٹیڈیم میں نہیں ہوگا۔ 25 سے 50 فیصد فینس آسکیں گے۔ لیگ راونڈ کے مقابلے مہاراشٹر میں ہوں گے ، ایسے میں ریاستی سرکار کے قوانین کے مطابق فینس کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی یہ واضح ہوگیا ہے کہ ٹی ٹوینٹی لیگ کا موجودہ سیزن ملک میں ہی ہوگا۔جانکاری کے مطابق ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم ، ڈی وائی پاٹل اور بریبورن میں 55 مقابلے کھیلے جائیں گے۔ پونے میں بھی 15 مقابلے ہوں گے۔ سبھی ٹیموں کو وانکھیڑے اور ڈی وائی پاٹل میں چار چار مقابلے کھیلنے ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں پونے اور بریبورن میں تین تین میچ کھیلنے پڑیں گے۔ ملک میں کورونا کے معاملات لگاتار کم ہورہے ہیں۔ اس سے ٹی ٹوینٹی لیگ کا انعقاد ملک میں کرائے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حالانکہ اس سے پہلے خبر آئی تھی کہ سری لنکا اور جنوبی افریقہ بھی ٹورنامنٹ منعقد کرانے کی ریس میں ہیں۔ آئی پی ایل 2020 کا پورا سیزن یو اے ای میں کرایا گیا تھا۔ وہیں آئی پی ایل 2021 کا دوسرا مرحلہ بھی یو اے ای میں کرانا پڑا تھا۔