آئی پی ایل 2022کی میگا نیلامی میں 590کھلاڑی اُتریں گے

نئی دہلی//بنگلورو میں 12 اور 13 فروری کو ہونے والی دو روزہ میگا نیلامی میں کل 590 کھلاڑیوں کی نیلامی ہوگی۔ نیلامی کے لیے رجسٹرڈ 590 کھلاڑیوں میں سے 228 کیپڈ، 355 ان کیپڈ اور سات ایسوسی ایٹ نیشنز کھلاڑی ہیں۔ روی چندرن ایشون، ٹرینٹ بولٹ، پیٹ کمنز، کوئنٹن ڈی کاک، شکھر دھون، فاف ڈو پلیسس، شریس ایر، کاگیسو ربادا، محمد شامی اور ڈیوڈ وارنر بڑی نیلامی کی شروعات کرنے والے مارکی سیٹ کا حصہ ہوں گے ۔ مارکی کھلاڑیوں کے بعد، نیلامی کیپڈ پلیئرز اور ان کیپڈ پلیئرز کی فہرست کے ساتھ آگے بڑھے گی۔ خصوصیات کی ترتیب یہ ہوگی: بلے باز، آل راؤنڈر، وکٹ کیپر بلے باز، تیز گیند باز اور اسپن گیندباز۔ پہلے مرحلے میں ایسے کئی نام ہیں جو اس نیلامی میں مہنگے ترین کھلاڑی بن سکتے ہیں۔ ان میں ہندوستانی وکٹ کیپر بلے باز ایشان کشن بھی شامل ہیں جنہوں نے دونوں نئی [؟][؟]ٹیموں لکھنؤ سپر جائنٹس اور احمد آباد کی تجاویز کے باوجود نیلامی میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔ کشن کے علاوہ کیپڈ کھلاڑیوں کے پہلے مرحلے میں گزشتہ سیزن میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے ہرشل پٹیل، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں پلیئر آف دی میچ رہنے والے آل راؤنڈر مچل مارش، ویسٹ انڈیز کی محدود اوورز ٹیم کے نائب کپتان نکولس پورن، نوجوان سلامی بلے بازدیودت پڈیکل اورویسٹ انڈیز کے لیے ہیٹ ٹرک لینے والے پہلے کھلاڑی بنے جیسن ہولڈر بھی شامل ہیں۔ پہلے مرحلے میں دنیش کارتک، ڈوین براوو اور سریش رینا کی شکل میں تجربہ کار کھلاڑی بھی موجود ہیں۔ انڈر 19 ورلڈ کپ میں سب کو متاثر کرنے والے ڈیوالڈ بریوس مستقبل کیلئے اچھا آپشن ثابت ہو سکتے ہیں۔ 18 سالہ ڈیوالڈ بریوس ایک اور کھلاڑی ہے جس پر سب کی نظریں ہوں گی۔ انڈر 19 ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرتے ہوئے بریوس نے اپنی کارکردگی سے سب کو متاثر کیا۔ اے بی ڈی ویلیئرس کا اپنا آئیڈیل ماننے والے بریوس نے کئی فرنچائزیوں کی توجہ مبذول کرائی ہے جنہوں نے بتایا ہے کہ ان کی شاندارتکنیک انہیں مستقبل کے لیے ایک اچھا متبادل بناتی ہے ۔ ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر اوڈین اسمتھ نے اپنی بنیادی قیمت کو کم کرکے ایک کروڑکردیا ہے ۔ اس سے قبل اوڈین دو کروڑ کی بیس پرائز کے ساتھ نیلامی کی بڑی فہرست میں اپنا نام درج کرایا تھا۔ 25 سالہ اوڈین نے کیریبین پریمیئر لیگ، ٹی 10 لیگ اور ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں مضبوط پرفارمنس سے اپنی پہچان بنائی تھی۔ گزشتہ سیزن میں وہ نیٹ گیندباز کے طورپر کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کیساتھ شامل تھے ۔