نئی دہلی//ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی پی ایل 2021 سیشن کی شروعات سے پہلے ایک اور بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اس پورے سیشن میں سافٹ سگنل آوٹ ضابطے کو ہٹا دیا ہے اور ساتھ ہی ایک اننگز کو ختم کرنے پر وقت کی پابندی عائد کردی ہے ۔ یہ ترمیم یکم اپریل سے نافذ ہوں گی۔بی سی سی آئی نے ترمیم شدہ کھیل شرائط کو سبھی آئی پی ایل فرنچائیزیوں کے بیچ شیئر کردیا ہے جس کے مطابق اب گیندبازی ٹیم کو کسی بھی حال میں کھیل کے 90 ویں منٹ میں 20 اوور پورے کرنے ہوں گے ۔ اس سے پہلے آئی پی ایل میں 20 واں اوور 90 ویں منٹ میں شروع کرنا لازمی تھا۔ بی سی سی آئی نے سبھی ٹیموں کو بھیجے گئے میل میں کہا، میچ کے وقت کو کنٹرول کرنے کے متبادل کے طور پر ہر اننگز میں 20 ویں اوور کو اب 90 ویں منٹ میں کھیل کرنا لازمی کیا گیا ہے جبکہ اس سے پہلے 20 ویں اوور 90 ویں منٹ یا اس سے پہلے شروع ہونا ضروری تھا۔ اب آئی پی ایل میچوں میں اوسطاً کم از کم اوور ریٹ 14.11 اوور فی گھنٹہ (ٹائم آوٹ وقت کے بغیر) ہوگا۔بی سی سی آئی نے آئی پی ایل میں سافٹ سگنل کے ضابطوں کو بھی ہٹا دیا ہے ۔ اس ضابطے کے مطابق ان فیلڈ امپائر کے سافٹ سگنل آوٹ دینے کے فیصلے کا تھرڈ امپائر کے فیصلے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ بی سی سی آئی نے ا س سلسلے میں کہا، تھرڈ امپائر کے فیصلے میں آن ۔ فیلڈ امپائر کا سافٹ سگنل آوٹ دینے کا فیصلہ لاگو نہیں ہوگا۔ ان فیلڈ امپائروں کو فیصلہ کرنے کے لئے تھرڈ امپائر سے مدد کی ضرورت ہوتی ہے لیکن اس سے پہلے بالرس اینڈ پر کھڑے امپائر کو لیگ امپائر کے ساتھ مشورے کے بعد ایک فیصلہ کرنا چاہئے ۔ اس کے بعد یہ تیسرے یعنی ٹی وی امپائر کا فیصلہ ہوگا کہ بلے باز کیچ آوٹ ہوا، گیند باؤنس ہوئی یا بلے باز نے جان بوجھ کر فیلڈنگ میں رخنہ ڈالا ہے یا نہیں۔ خیال رہے کہ ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے دوران سافٹ سگنل آوٹ ضابطے کے خلاف اعتراض ظاہر کیا تھا۔