یو این آئی
نئی دہلی/ہندوستان کے سابق کپتان سوربھ گنگولی کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل کیے جانے پر سچن تندولکر، یووراج سنگھ اور ہربھجن سنگھ سمیت کئی سابق کرکٹرز نے مبارکباد پیش کی ہے۔ایڈنبرا میں آئی سی سی کی سالانہ کانفرنس کے دوران گانگولی کو یہ اعزاز دیا گیا۔ وہ ہال آف فیم میں شامل ہونے والے 12ویں ہندوستانی کرکٹر بن گئے۔ یہ اعزاز انہیں ان کی 54ویں سالگرہ کے موقع پر ملا۔ہربھجن سنگھ نے سوشل میڈیا پر لکھا، ’’مبارک ہو کپتان، یہ خبر سن کر بہت خوشی ہوئی۔‘‘یووراج سنگھ نے کہا کہ گانگولی نے صرف ایک مضبوط ٹیم ہی نہیں بنائی بلکہ کرکٹرز کی ایک پوری نسل میں اعتماد بھی پیدا کیا۔ انہوں نے لکھا، ‘‘دادا، آپ اس اعزاز کے مکمل حق دار ہیں۔‘‘سچن تندولکر نے بھی اپنے دیرینہ اوپننگ ساتھی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں گنگولی کو آئی سی سی ہال آف فیم میں دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی۔ اس پر گانگولی نے جواب میں کہا کہ سچن کے ساتھ ایک ہی فہرست میں شامل ہونا ان کے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے۔گانگولی نے اپنے کیریئر میں 113 ٹیسٹ میچوں میں 7212 اور 311 ون ڈے میں 11363 رنز بنائے۔ بطور کپتان انہوں نے ہندوستانی ٹیم کو ایک نڈر اور مضبوط ٹیم میں تبدیل کیا، جبکہ یووراج سنگھ، ہربھجن سنگھ، وریندر سہواگ اور ظہیر خان جیسے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔