راجوری//جنرل آفیسر ان کمانڈنگ ناردرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل اپیندر دویدی کے راجوری اور پونچھ اضلاع کا دورہاورلائن آف کنٹرول پر سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے تین دن کے بعد بارڈر سیکورٹی فورس کے انسپکٹر جنرل، ڈی کے بورا 4 روزہ دورے پر خطہ میں پہنچے۔ پہلے دن انہوں نے مجموعی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری جنگ بندی معاہدے کو ایک سال مکمل ہو گیا ہے اور اس معاہدے کے مستقل تسلسل کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔بارڈر سیکورٹی فورس کے مطابق، انسپکٹر جنرل فرنٹیئر ہیڈ کوارٹر جموں، ڈی کے بورا نے راجوری کے ایل او سی سیکٹرکا دورہ کیا اور اس سرحدی پٹی کا ان کا دورہ چار روزہ ہے۔جمعرات کو، آئی جی بی ایس ایف اسٹیشن ہیڈ کوارٹر بی ایس ایف راجوری کے انڈر کمانڈ یونٹس کی ایل او سی پر پہنچے اور ڈی آئی جی ایس ایچ کیو راجوری، ڈی ایس سندھو کے ساتھ سیکٹر کے دیگر افسران نے ان کا استقبال کیا۔ بی ایس ایف کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ آئی جی نے انڈر کمانڈ ایس ایچ کیو راجوری کی ایل او سی پر صورتحال کا جائزہ لیا۔آئی جی بی ایس ایف نے ایل او سی پر وہاں تعینات بی ایس ایف افسران اور فوجیوں سے بات چیت کی اور بی ایس ایف کی مجموعی تعیناتی ومنصوبے کا جائزہ لیا۔بی ایس ایف نے کہا کہ انہوں نے متعلقہ بٹالین کمانڈروں کے ساتھ تفصیلی طورپر بات چیت کی۔اس دوران آفیسر موصوف نے ایل سی پر کئی چیلنجوں سے نمٹنے کے دوران ڈیوٹی کے تئیں پیشہ ورانہ وابستگی کے لئے بی ایس ایف کے تمام رینک کی تعریف اور تشکر کا اظہار کیا اور جوانوں کے حوصلے بڑھائے۔انہوں نے ہولی کے موقع پر تمام بی ایس ایف اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو پیشگی مبارکباد بھی دی۔