سرینگر//جموں کشمیر حکومت نے جموں کشمیر میں تعینات آئی اے ایس افسران کو اپنی غیر منقولہ جائیداد کی سالا نہ تفصیلات آن لائن طریقہ کار پر جمع کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ اس ضمن میں ایک سرکیولر جاری کر کے کہا گیا ہے کہ یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ چند انڈئن ایڈمنسٹریٹو سروس افسران نے گزشتہ2برسوں سے اپنی غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات اس طریقہ کار کے مطابق پیش نہیں کی ہیں۔جموں کشمیرسرکار کا کہنا ہے کہ حکومت ہند کی وزارت پرسنل ، عوامی شکایات و پنشنزز کی ہدایات کے تناظر میں محکمہ عمومی انتظامی نے آئی اے ایس افسران کو غیر منقولہ جائیدادریٹرنس جمع کرنے سے متعلق وقت وقت پر کئی حکم نامے اور سرکیولر اجرا کئے ہیں۔ محکمہ عمومی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہر کسی ملازم کو سال کے لئے آئندہ برس31جنوری تک اپنی سالانہ غیر منقولہ جائیداد سے متعلق تفصیلات کی ریٹرنس جمع کرنا لازمی ہے،اور اگر کوئی ان ہدایات کو نظر انداز کرتا ہے تو ان کے خلاف انضباطی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ عمومی انتظامیہ کے کمشنر سیکریٹری منوج کمار دیویدی کی جانب سے جاری سرکیولر زیر نمبر01-JK(GAD) OF 2021محررہ یکم جنوری2021 جاری کیا گیا جس میںآئی اے ایس افسران سے تاکید کی گئی کہ وہ آن لائن طریقہ کار سے اپنی غیر منقولہ جائیداد کے ریٹرنس جمع کرائیں۔سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ آئی اے ایس افسران کیلئے آن لائن طریقہ کار سے غیر منقولہ جائیداد کی ریٹرنس جمع کرنے کیلئے یکم جنوری 2017سے آن لائن طریقہ کار رائج کیا گیا ہے،جس کے ذریعے ہر ایک آئی اے ایس افسر الیکٹرانک طریقہ کار یا دستی طور پر جمع کئے گئے غیر منقولہ جائیداد کی ریٹرنس کی نقل کاپی کو اس طریقہ کار کے مطابق جمع کرسکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ نظام ہر سال مقرہ معیاد یعنی31جنوری کے بعد سال گزشتہ کے غیر منقولہ ریٹرنس کو جمع کرنے کیلئے از خود بند ہوجاتا ہے۔ محکمہ عمومی انتظامی کا کہنا ہے کہ اس بات کا مشاہدہ کیا گیا ہے کہ جموں کشمیر کیڈر کے چند آئی اے ایس افسران نے سال2018اور سال2019کے غیر منقولہ جائیداد کے ریٹرنس جمع نہیں کرائے ہیں،بلکہ ان کی دستاویزی کاپیاں محکمہ عمومی انتظامی میں جمع کرائی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ضوابط کے تحت آئی اے ایس افسران کو لازمی طور پر دستی طریقہ کار کے برعکس الیکٹرنک طریقہ کار سے اپنی غیر منقولہ جائیداد کی ریٹرنس جمع کرانی ہیں۔ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ محکمہ پرنسل ٹرینگس کی ہدایت کے تناظر میں بروقت غیر منقولہ جائیداد کی ریٹرنس جمع کرانی لازمی ہے وگرنہ تاخیری کی صورت میں ویجی لنس کی کلیرنس التواء میں پڑتی ہے۔ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ مرکزی زیر انتظام خطے جموں کشمیر میں تعینات آئی اے ایس افسران کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ان ہدایات پر من و عن عمل کریں۔