جموں//ریاستی اِنتظامی کونسل نے گورنر ستیہ پال ملک کی صدارت میں ریاستی پولیس میں گزیٹیڈ اور نان گزیٹیڈ اہلکاروں کے لئے یکم جنوری 2019ء سے ہارڈ شپ الائونس میں 8فیصد گرانٹ کو منظوری دی ۔ کونسل نے کلاسفائیڈ زُمرے کے تحت سپیشل پولیس اور بم ڈسپوزل سکارڈس کے لئے بیسک پے پر 10فیصد ہارڈ شپ الائونس کو بھی منظوری دی جس کے لئے محکمہ خزانہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔ہارڈ شپ الائونس کی نئی شرح سرکاری حکمنامہ نمبر 1162(P) بتاریخ 16-09-2010 کے مطابق ہوگا۔اِنتظامی کونسل نے ریاستی پولیس محکمہ میں 2014 اَسامیوں کے قیام سے دو خواتین بٹالینوں کے قیام کو بھی منظوری دی ۔ یہ بٹالین سرحدی بٹالینوں کے طرز پر خواتین کے لئے مخصوص ہوں گی اور خواتین کے خلاف جرائم سے نمٹنے کے لئے کار گر ثابت ہوں گی۔داخلہ وزارت نے جون 2018ء میں چند شرائط پر ان بٹالینوں کے قیام کو منظوری دی تھی۔ان بٹالینوں میں مذکورہ اسامیوں کو منظوری کے بعد ایک سال تک پُر کیا جائے گا ۔ بٹالینوں کے قیام سے 235.86کروڑ روپے کا خرچہ آئے گا جس میں سے 105.11 کروڑ روپے مرکز کی طرف سے فراہم کئے جائیں گے ۔ انتظامی کونسل نے اعلیٰ اختیاری کمیٹی کی سفارشات پر 2019-20 اور 2020-21 کے دوران 40 ڈگری کالجوں کے قیام کو منظوری دی ہے ۔ اس سے پہلے کونسل نے 7؍دسمبر 2018ء کو 40نئے کالجوں کے قیام کو منظوری دی تھی۔کونسل نے اعلیٰ تعلیمی محکمہ کو تمام کالجوں کے لئے اراضی کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی تھی جس کے بعد اعلیٰ اختیاری کمیٹی نے 40مقامات کی سفارشات پیش کیں۔کونسل نے 2019-20 میں 20کالجوں کو کھولنے کی ہدایت دی ۔اِن کالجوں کے قیام سے طلباء کو اعلیٰ تعلیمی اِداروں تک رسائی میں کافی آسانی ہوگی اور 2020 ء سے تقریباً 40ہزار طلباء کے داخلے میں مدد ملے گی۔جن مقامات پر کالج قائم کئے جائیں گے ان میں چاڈورہ، قاضی گنڈ، راجپورہ پلوامہ،زینہ پورہ اور وچی شوپیان، ویلگام کپوارہ، دراس کرگل، وجے پورہ،چنینی،منڈی،پاڈر کشتوارڈ، کریری بارہمولہ،فرصل کولگام،لنگیٹ، مڑھ جموں،سلی گام عیشمقام،اجس اور حاجن بانڈی پورہ،حیدر پورہ اور آلوچی باغ سرینگر،اونتی پورہ پلوامہ،ویری ناگ اور چھٹی سنگھ پورہ،ڈنگی وچھہ اور بومئی بارہمولہ شامل ہیں۔