سرینگر // شہر سرینگر کے نٹی پورہ علاقے کی اِرم لین بلاک ڈی کے مکین قریب 3ہفتوں سے بجلی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں انتہائی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں ۔لوگوں کاکہنا ہے کہ اِرم لین بلاک ڈی میں مسجد رفیقی کے صحن میں نصب بجلی ٹرانسفارمر قریب تین ہفتہ قبل خراب ہوگیا اور پورا علاقہ اندھیرے میں ڈوباہوا ہے۔ لوگوںکاکہناہے کہ متعلقہ محکمہ کے اہلکاروں نے ٹرانسفارمر کی مرمت کیلئے ورکشاپ منتقل کیا اور جب ایک ہفتہ کے بعد ٹرانسفارمر کو ٹھیک کرکے نصب کیا گیا تو متعلقہ اہلکاروں کے کہنے کے مطابق اسے چوبیس گھنٹوں تک چارج کرنے کیلئے رکھا گیا ،اگلے دن جونہی علاقے کوبجلی سپلائی کرنے کیلئے ریسٹور کیا گیا تو کچھ گھنٹوں کے بعد ہی دوبارہ جل گیاجس کے نتیجے میں لوگ تب سے آج تک بدستور بجلی کی فراہمی سے محروم ہیں۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ انہوں نے اس سلسلے میں محکمہ کے اعلیٰ حکام سے بات کی مگر ٹرانسفامر کو ٹھیک کرنے کیلئے کوئی معقول جواب نہیں مل رہا ہے ۔انہوں نے محکمہ پر الزام عائد کیا کہ وہ اس بات سے پریشان ہیں کہ اگر ٹرانسفارمر کو ٹھیک کر کے نصب کیا گیا تو پھر کیوں چار گھنٹے کے بعد دوبارہ خراب ہوا ؟لوگوں نے محکمہ کے چیف انجینئر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ذاتی مداخلت کرکے صارفین کی مشکلات کا ازلہ کریں تاکہ سرما کے ایام میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔