نئی دہلی// کانگریس نے کہا ہے کہ پارٹی نے کورونا وبا کی تیسری لہر کے پیش نظر اگلے 15 دنوں تک اتر پردیش میں کوئی بڑی ریلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے شہریوں کو کوئی نقصان نہ ہو۔کانگریس کے ترجمان گورو بلبھ نے بدھ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ پارٹی کے تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے پارٹی کے ریاستی انچارجوں اور ریاستی صدور کو ایک خط لکھ کر کہا ہے کہ وہ اپنی ریاستوں میں کورونا کی صورت حال کا جائزہ لیں اور اسی کے مطابق انتخابی ریلیوں کے بارے میں فیصلے کریں۔ اس سلسلے میں فی الحال پندرہ دنوں تک اتر پردیش میں بڑی انتخابی ریلی نہیں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اتراکھنڈ میں پرینکا گاندھی واڈرا کی ریلی کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حالات مختلف ہیں اور اسی کے مطابق فیصلہ کیا گیا ہے ۔پنجاب اور دیگر ریاستوں میں اتر پردیش جیسی ریلی نہ کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ وہاں سے رپورٹ مانگی ہے اور رپورٹ آنے کے بعد ہی کوئیفیصلہ ریاستی قیادت کے ساتھ مل کر لیا جائے گا۔