جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے راج بھون میں اَمرناتھ شرائین بورڈ کی 41 ویں بورڈ میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا کہ اِس برس 43 روزہ یاترا 30؍ جون کو تمام کووِڈ پروٹوکول کے ساتھ شروع ہوگی اور روایت کے مطابق 11؍اگست 2022ء کو رکھشا بندھن کے دِن اِختتام پذیر ہوگی۔ یاترا کے لئے آن لائن رجسٹریشن 11؍ اپریل سے شروع ہوگی۔ بورڈ میٹنگ میں یاترا پر مختلف مسائل پر گہرائی سے غور و خوض کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ متحرک رہیں اوریاترا کے اِنعقاد کے لئے وسیع اِنتظامات کو یقینی بنائیں کیوں کہ اِس برس پوتر گپھا میں حاضری دینے کے لئے بڑی تعداد میں شردھالوئوں کی آمد متوقع ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت یاتریوں کے لئے آر ایف آئی ڈی سسٹم متعارف کر رہی ہے تاکہ ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے راستے میں ان کی نقل و حرکت کا پتہ لگایا جاسکے۔اُنہوں نے تمام آنے والے عقیدت مندوں اور خدمات فراہم کرنے والوں کو بہترین درجے کی صحت سہولیات فراہم کرنے ، یاتریوں کے لئے ٹیلی کمیونکیشن چینلوں کو مضبوط بنانے ، مختلف سرکاری محکموںاور ایجنسیوں کے درمیان بہترین ہم آہنگی حاصل کرنے کے لئے جدید ترین تکنیکی اقدامات کے اِستعمال پر خصوصی زور دیا ۔سی اِی اوشری اَمرناتھ جی شرائین بورڈ نتیشور کمار نے شرائین کے روٹ میپ اور ایس اے ایس بی کی جانب سے راستے میں اور گپھا میں دستیاب مختلف خدمات کا ایک مختصر جائزہ پیش کیا۔بتایا گیا کہ اِس برس کی یاترا کے لئے اہم تیاریاں کی گئی ہیں ۔ رہائش کی گنجائش میں اِضافہ ، نئے یاتری نواس بھون ، صحت کی بہتر سہولیات، اَپ گریڈ شدہ ٹریک ، ٹیلی کمیونکیشن کی سہولیات ، ہیلی سروسز ، ایس اے ایس بی ایپ ، پونی والوں کے لئے سال بھر کی انشورنس ، یاتریوں اور خدمات فراہم کرنے والوں کے فائدہ کے لئے بہت سے منفرد اِقدامات کئے گئے ہیں۔ایڈیشنل سی ای او شری اَمرناتھ جی شرائین بورڈ راہل سنگھ نے میٹنگ کو سالانہ یاترا کے سلسلے میں کی جانے والی سرگرمیوں اور ترقیاتی کاموں کے بارے میں معلومات فراہم کیں ۔اِس کے علاوہ بورڈ کے سامنے ایجنڈا کی چیزیں پیش کیں۔ شرائین بورڈ ممبران کی طرف سے متعدد تجاویز اور ان پٹ پیش کئے گئے جن میں یاترا سے متعلق تمام معلومات سے لوگوں کو سہولیت فراہم کرنے کے لئے سوشل میڈیا ، موبائل ایپ اور یوٹیوب ویڈیوز کے ذریعے مسلسل میڈیا مہم شامل ہے ۔ شرائین بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ یاترا دونوں راستوں ضلع اننت ناگ کے پہلگام ٹریک اور گاندربل ضلع کے بال تل سے ایک ساتھ شروع ہوگی ۔بورڈ نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ یومیہ روٹ کے لحاظ سے یاتریوں کی حد 10,000 تک رکھی جائے جس میںان یاتریوں کو چھوڑ کر جو ہیلی کاپٹروں سے سفر کریں گے ۔ بورڈ نے 2.75 کلومیٹر طویل بال تل سے دومیل تک یاتری کے لئے مفت بیٹری کار سروس کو بڑھانے کا بھی فیصلہ لیا ہے۔دوران میٹنگ لیفٹیننٹ گورنر نے سادھو اور سنت سماج کی سہولیت کے لئے اکھڑا پریشدوں ، اچاریہ پریشدوں کو خصوصی دعوت نامے بھیجنے کی بھی ہدایت دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ بورڈ ممبران کی طرف سے دی گئی تمام تجاویز پر جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ اور ایس اے ایس بی کے متعلقہ اَفسران عمل کریں گے۔ اُنہوں نے افسران کو مزید ہدایت دی کہ وہ تمام جاری بنیادی ڈھانچہ اپ گریڈیشن کے کاموں کو مئی کے آخر تک مکمل کر یں۔لیفٹیننٹ گورنر نے ٹریک پر اور یاترا کیمپوں میں عالمی معیار کے صفائی کے انتظامات کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یاترا کے آغاز سے پہلے ٹریک روٹوں پر تمام یوٹیلیٹیز کو تیار اور فعال بنایا جانا چاہئے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے یاترا۔ 2022ء سے متعلق معلومات کی وسیع پیمانے پر تشہیر کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ یاترا پرمٹ فراہم کرنے کے لئے اضافی سرکاری اور نجی بینکوں اور ان کی شاخوں کو شامل کرنے کے امکان کو تلاش کریں۔اُنہوں نے شرائین کے حوالے سے مستند ادب اور تحقیقی کتابوں کو فروغ دینے اور تخلیق کرنے کے لئے ریسرچ فیلوئوں کو شامل کرنے کی بھی تجویز دی۔یہ بورڈ پوری دنیا کے عقیدت مندوں کے لئے صبح اور شام کی آرتی کے براہِ راست نشریات کو بھی قابل بنائے گا۔ ’شری امرناتھ جی یاترا‘ ایپ گوگل پلے سٹور پر دستیاب کی گئی ہے تاکہ یاترا، موسم کے بارے میںمناسب معلومات حاصل کی جا سکے اور آن لائن کئی خدمات حاصل کی جا سکیں۔ڈی جی پی دِلباغ سنگھ نے بورڑ کو یاتر ا کے لئے حفاظتی اِنتظامات کے تفصیلی پلان کے بارے میں آگاہ کیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ مائونٹین ریسکو ٹیموں کے علاوہ جے کے پی یاتریوں کے لئے صحت اور طبی اِمداد ی کیمپ بھی لگائے گا۔
اَمرناتھ یاترا۔2022 | 30 جون سے شروع ہوگی | لیفٹیننٹ گورنر کی صدارت میں شرائن بورڈ کے اجلاس میں فیصلہ
