نئی دہلی//صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے سماجی اور تعلیمی طور پر پسماندہ طبقات کی نشاندہی کرنے کے لئے ریاستوں کو بااختیار بنانے والے آئین کے 105 ویں ترمیمی ایکٹ 2021 کو اپنی منظوری دے دی ہے ۔ وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مسٹر کووند نے آئین کے 105 ویں ترمیمی ایکٹ 2021 اور جنرل انشورنس بزنس (نیشنلائزیشن) ترمیمی ایکٹ ، 2021 کو اپنی منظوری دے دی ہے ۔ انشورنس سے متعلق اس ترمیمی ایکٹ کے ذریعے جنرل انشورنس بزنس (نیشنلائزیشن) بل 1972 میں ترمیم کی جا سکے گی ۔ آئین کے 105 ویں ترمیمی ایکٹ 2021 کوپارلیمنٹ نے 11 اگست 2021 کو منظوری دی تھی ۔ ایکٹ کے مطابق ہر ریاست یا مرکزکے زیر انتظام علاقہ قانون کے مطابق اپنے مقاصد کے لیے سماجی اور تعلیمی لحاظ سے پسماندہ طبقات کی فہرست تیار کر سکتا ہے ۔