ظفر اقبال
اوڑی //سرحدی قصبہ اوڑی میں واقع -I اسٹیج-II ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کا باضابطہ آغاز اتوار کو ایک علامتی دھماکے کی تقریب کے ساتھ کیا گیا-حکام کے مطابق افتتاحی دھماکہ منصوبے کے دوسرے مرحلے کی تعمیراتی سرگرمیوں کے آغاز کی علامت ہے۔ اس منصوبے پر میکس انفرا (انڈیا) پرائیویٹ لمیٹڈ عمل درآمد کر رہی ہے۔منصوبے سے وابستہ ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ یہ علامتی دھماکہ ایڈٹ پورٹل سے تقریباً 350 میٹر اندر سرنگ میں کیا گیا۔ تقریب میں این ایچ پی سی کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر (سی ایم ڈی) بوپیندر گپتا بطور مہمانِ خصوصی شریک تھے۔ مقامی نوجوانوں نے حکام اور پروجیکٹ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آنے والے اسٹیج-II پروجیکٹ میں مقامی باشندوں کو مناسب روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ نوجونوں نے کہا کہ ہنر مند اور غیر ہنر مند دونوں قسم کی ملازمتوں میں مقامی افراد کو ترجیح دی جائے۔نوجوان نمائندوں کا کہنا تھا کہ یہ پروجیکٹ ان کے علاقے میں تعمیر کیا جا رہا ہے اور اس سے روزگار کے نمایاں مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ مقامی باشندے، خصوصاً تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوان، اس منصوبے کے بنیادی مستفیدین ہونے چاہئیں۔مقامی باشندوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے یہ اپیل بھی کی کہ بھرتی کا عمل شفاف بنایا جائے اور ملازمتوں کا ایک بڑا حصہ مقامی امیدواروں کے لیے مختص کیا جائے۔