اوڑی// اوڑی کی ایک خاتون ایل او سی عبور کر کے پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں مقیم اپنے رشتے داروں کے پاس چلے جانے کے حوالے سے پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔اطلاعات کے مطابق اوڑی کے نامبلہ گاوں کی رہنے والی 35 سالہ شاہینہ بیگم زوجہ محمد لطیف بٹ جو کہ چار بچوں کی ماں ہے،کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ اس نے گزشتہ روز اوڑی کنٹرول لائن پر واقع صورہ نامی گاوں سے حدمتاکرہعبور کر کے اپنے رشتے داروں کے پاس اْس پارچلی گئی ہے۔شاہینہ کے شوہر کے مطابق، اسکی اہلیہ25 جون کی صبح گھر سے لاپتہ ہوئی اور جب اْس کی تلاش شروع کی گئی تو معلوم ہوا کہ اے ڈی چوکی پر تعینات فوجیوں نے اْنہیں بتایا کہ شاہینہ یہاں سے یہ کہ کر گاوں میں داخل ہوئی تھی کہ وہ اپنے مامو ںبشیر احمد بٹ کے پاس جا رہی ہے مگر جب اس حوالے سے پتہ کیا گیا تو اسے وہاں پر نہیں پایا گیا۔ واضح رہے کہ صورہ گاوں اوڑی کے حاجی پیر سیکٹر میں کنٹرول لائن پر آخری گاوں ہے اور اِس گاوں میں داخل ہونے کے لئے قائم ہندوستانی فوج کی چوکی پر باضابطہ طور اپنی پہچان درج کرانی پڑتی ہے جس کے بعدہی کوئی فرد اپنے رشتے دار کو ملنے کے لئے گاوں میں جاسکتا ہے۔کشمیر عظمیٰ کو زرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شاہینہ نے کنٹرول لائن عبور کرلی ہے۔زرائع سے مزید معلوم ہوا ہے کہ شاہینہ کے دو ماموں مْظفر احمد بٹ اور مشتاق احمد بٹ ولد لسہ بٹ کے علاوہ دو ماسیاں حلیمہ بیگم اور پری جان گزشتہ کئی برسوں سے اوڑی کنٹرول لائن کے اْس پار نزدیکی گاوں باغ مظفر آباد میں رہاش پزیر ہیں۔سرکاری طور شاہینہ کی کنٹرول لائن عبور کرنے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے تاہم اوڑی پولیس نے کیس درج کر کے شاہینہ کے شوہر اور رشتیداروں سے پوچھ تاچھ شروع کر دی ہے۔