عظمیٰ نیوز سروس
اُوڑی//بھارت کی مسلح افواج کے ساتھ اپنی وابستگی کو مزید مضبوط کرتے ہوئے’اُڑ چلو (UDChalo)‘ نے لائن آف کنٹرول (LoC) کے قریب واقع ملک کے انتہائی دور دراز فوجی علاقوں میں سے ایک اُوڑی ملٹری اسٹیشن پر اپنا نیا نوڈل دفتر قائم کیا۔یہ دفتر حاضر سروس فوجیوں کو سفر، گروپ ہاؤسنگ اور مالیاتی خدمات کے شعبوں میں خصوصی معاونت فراہم کرے گا ، ایسی خدمات جو دفاعی برادری کی مخصوص ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہیں۔ اس دفتر کی ذمہ داری ایک سابق فوجی کے سپرد کی گئی ہے، جو اُڑ چلو کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ سابق فوجیوں کیلئے بالخصوص دور دراز علاقوں میں بامعنی روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں۔اْوڑی دفتر کے افتتاح کے ساتھ اُڑ چلو اب بھارت کے دور افتادہ فوجی مقامات پر تقریباً 50 دفاتر چلا رہا ہے، تاکہ مشکل علاقوں میں تعینات فوجیوں کو ضروری خدمات آسانی سے میسر آ سکیں۔
کمپنی کے اس منفرد ماڈل کے تحت ان دفاتر میں ریٹائرڈ فوجی، ویر ناریز (شہداء کی بیوائیں) اور ان کے بچے خدمات انجام دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ اُڑ چلو کے کسٹمر سپورٹ سینٹر میں جسمانی طور پر معذور (پیراپلیجک) سابق فوجیوں کو بھی روزگار فراہم کیا گیا ہے، جو سابق فوجیوں کی شمولیت اور انہیں بااختیار بنانے کے عزم کی ایک اور مثال ہے۔دفتر کا افتتاح اْوڑی بریگیڈ کے کمانڈر نے سینئر فوجی افسران اور علاقے میں تعینات مختلف یونٹس کے نمائندوں کی موجودگی میں کیا۔ اس موقع پر کمانڈر نے اُڑ چلو کی جانب سے حاضر سروس فوجیوں کی مسلسل معاونت اور سابق فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کیلئے باعزت روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے کہا ’’اس طرح کے اقدامات نہ صرف دور دراز علاقوں میں تعینات فوجیوں کیلئے ضروری خدمات تک رسائی کو بہتر بناتے ہیں بلکہ حاضر سروس فوجیوں اور سابق فوجیوں کے درمیان تعلق کو بھی مزید مضبوط کرتے ہیں۔‘‘گزشتہ برسوں کے دوران اُڑ چلو نے دفاعی برادری کی منفرد ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے خدمات کا ایک جامع نظام قائم کیا ہے۔ ملک بھر میں فوجی تنصیبات پر اپنی بڑھتی ہوئی موجودگی کے ذریعے کمپنی مشکل علاقوں میں تعینات فوجیوں اور ضروری خدمات کے درمیان فاصلے کو کم کرنے کیلئے مسلسل کام کر رہی ہے۔اُوڑی میں اس نئے نوڈل دفتر کا افتتاح اُڑ چلو کے اس مشن میں ایک اور اہم سنگِ میل ہے کہ فوجیوں کی زندگی کو مزید آسان بنایا جائے اور ملک کی سرحدوں پر خدمات انجام دینے والے جوانوں کے ساتھ ساتھ سابق فوجیوں کی برادری کی بھی مؤثر انداز میں خدمت کی جائے۔