اوڑی//اوڑی میں میونسپل کمیٹی کی طرف سے دو بیت الخلائوں کی تعمیر کا کام ایک برس قبل شروع کیاگیا جو ہنوز نامکمل ہے۔اطلاعات کے مطابق میونسپل کمیٹی اوڑی نے ستمبر2017میں مرکزی سرکار کی سوچھ بھارت اسکیم کے تحت (کمیونٹی ٹائلٹ)دو بیت الخلاء اوڑی بازار میں تعمیر کرنے کاکام شروع کیا،مگر یہ کام صرف ڈھانچوں کی تعمیرتک ہی محدود رہا اور بعد میں ان ڈھانچوں پر مزید کام نامعلوم وجوہات کی بنا پر روک دیا گیا۔بتایا جاتا ہے کہ میونسپل کمیٹی اوڑی نے یہ کام ایک غیرسرکاری تنظیم ’’یوگینتر‘‘کو تفویض کیا تھااور اس تعمیری کام کیلئے تیس لاکھ روپے کی رقم کو بھی منظوری دی گئی ۔اوڑی بازار میں دوردراز علاقوں سے ائے لوگوں نے اس نمائندے کوبتایا کہ بازارمیں کوئی کمیونٹی ٹائلٹ نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کوزبردست مشکلات کاسامنا ہے ۔اوڑی کے ہی ایک تاجر فاروق احمد نے بتایا کہ دو سال قبل اوڑی بازار میں دو بیت الخلاء، ایک سب ضلع اسپتال اوڑی کے قریب اور ایک اوڑی سوموسٹینڈ کے پاس ،تعمیر کرنے کاکام شروع کیاگیا۔مگر کچھ عرصہ بعد اس تعمیر ی کام کو نامعلوم وجوہات کی بنا پر بند کردیا گیا۔اس سلسلے میں میونسپل کمیٹی کے ایگزیکیٹوانجینئر نے بتایا کہ یہ کام ’یوگینر‘نامی ایک غیرسرکاری تنظیم کو سونپاگیا تھامگر اس تنظیم میں کچھ اندرونی معاملات پیش آئے جن کی وجہ سے یہ کام مکمل نہیں ہوسکا۔انہوں نے کہا کہ چند روزکے اندر ’یوگینتر‘نامی یہ غیرسرکاری تنظیم تعمیرکاکام دوبارہ شروع کرے گی۔
اوڑی میونسپل کمیٹی 2 بیت الخلاء تعمیر کرنے میں ناکام
