اوڑی//ظفر اقبال//جموں و کشمیر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے آزمائشی بنیادوں پر اوڑی سے جموں تک اے سی بس سروس شروع کی ۔ ڈپو منیجر جے کے ایس آر ٹی سی بارہمولہ روی راج سنگھ کاکہنا ہے کہ انہوں نے آزمائشی بنیادوں پر بس شروع کی تھی لیکن اوڑی اور بارہمولہ سے سرینگر جانے کے لیے کوئی مسافر دستیاب نہیں تھا۔ بعد میں بس کچھ مسافروں کو سری نگر سے جموں کی طرف لے گئی۔اوڑی سے جموں تک بس سروس کے جاری رہنے کے بارے میں انہوں نے کہا یہ لوگوں پر منحصر ہے کہ انہیں اس سروس کی ضرورت ہے یا نہیں اور کیا مسافر اس بس میں سفر کرنا پسند کریں گے؟انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اگلے چند دنوں کا انتظار کر رہے ہیں کیونکہ اعلی حکام بس سروس پر حتمی فیصلہ کریں گے۔راج سنگھ نے کہا کہ اوڑی سے جموں کا کرایہ 1160 روپے فی مسافر مقرر کیا گیا تھا جس میں صرف 19 سیٹوں کی گنجائش ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بس کو صبح 6 بجے اوڑی سے جموں کی طرف روانہ ہونا تھا۔ادھر ایس ڈی ایم اوڑی ہرویندر سنگھ نے ایک ٹویٹ میں کہا ’اوڑی کے لوگوں کے لئے اچھی خبر، جے کے روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن اوڑی سے جموں تک اور واپس اے سی بس سروس جلدی شروع کرنے جا رہی ہے! اور وہ بھی برائے نام قیمت پر ۔واضح رہے کہ اوڑی سے جموں تک بس سروس جے کے ایس آر ٹی سی نے 14 سال کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ انہیں اوڑی سے جموں تک بس سروس شروع کرنے کے حوالے سے کوئی جانکاری نہیں ہے۔لوگوں نے اوڑی سے جموں بس سروس جاری رکھنے کی اپیل کی ہے۔
اوڑی سے جموں تک آزمائشی بس سروس شروع کی
