اونتی پورہ اور بارہمولہ میں 2 جنگجومعاونین کی گرفتاری کا دعویٰ

اونتی پورہ//اونتی پورہ اور بارہ مولہ میں پولیس نے جنگجوئوں کے دو معاونین کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے آتش گیر موادسمیت قابل اعتراض موادبرآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ایک بیان کے مطابق اونتی پورہ میں پولیس نے42راشٹریہ رائفلزاور130بٹالین سی آر پی ایف کے ساتھ ایک مشترکہ کارروائی کے دوران ممنوعہ لشکر طیبہ تنظیم کے ایک جنگجو کوگرفتار کیا۔اُس کی شناخت عاکف احمد تیلی کے طور کی گئی۔پولیس کے مطابق وہ اونتی پورہ اور ترال میں جنگجوئوں کے لئے قیام وطعام کا بندوبست کرنے کے علاوہ ان کے ہتھیاراوراسلحہ لیجانے کیلئے ٹرانسپورٹ کی فراہمی اور دیگرخدمات انجام دیتا تھا۔وہ مقامی نوجوانوں کوجنگجو صفوں میں بھرتی اورروپے پیسے تقسیم کرنے میں بھی ملوث تھا۔اس کے بینک مالی لین دین کی بھی چھان بین ہورہی ہے۔پولیس بیان کیمطابق اس کے قبضے سے ممنوعہ لشکر طیبہ کاقابل اعتراض مواد اور دیگر آتش گیرموادبھی برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔اس سلسلے میں پولیس نے ایک کیس زیرایف آئی آر نمبر02/2021درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے ۔ادھر بارہمولہ میںجہلم اسٹیڈیم کے نزدیک ایک ناکہ کے دوران ایک جنگجو اعانت کار کو گرفتار کرنے کا پولیس نے دعویٰ کیا ہے۔پولیس نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار شدہ سے چینی ساخت کے خاص اور منفرد تین گرینیڈ بر آمد کئے گئے ہیں۔ ان باتوں کا اظہار ایس ایس پی بارہمولہ عبدالقیوم نے جمعہ کو ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا  ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو ایک اطلاع موصول ہوئی کہ کچھ جنگجو یا جنگجو اعانت کار غیر قانونی ہتھیار سمیت بارہمولہ سے ہندوارہ جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس اطلاع کے پیش نظر بارہمولہ پولیس کی ایس او جی، فوج اور سی آر پی ایف کی 53 بٹالین سے وابستہ ایک مشترکہ ٹیم نے قصبہ بارہمولہ میں داخل ہونے والے تمام پوائنٹس پر ناکے لگا دئے جس کے دوران ایک جنگجو اعانت کار کو گرفتار کیا گیا۔پولیس نے گرفتار شدہ کی شناخت آصف گل کے طور کرتے ہوئے کہا کہ اْسے29دسمبر کو حراست میں لیا گیا اور تب سے اْس کی پوچھ تاچھ کی جارہی تھی۔آصف گذشتہ آٹھ ماہ سے پولیس کے راڈار پر تھا اور وہ گذشتہ سال ماہ اگست میں ایک گرینیڈ دھماکہ کرنے میں بھی ملوث تھا۔