نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے ڈیجیٹل لین دین اور بینکنگ نظام سے اس میں آئی تبدیلیوں کا حوالے دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان نے دنیا کو دکھادیا ہے کہ وہ ٹیکنالوجی کو اپنانے میں سب سے آگے ہے ۔وزیراعظم نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ مالیاتی ٹکنالوجی کے قائدانہ فورم ، ’ ان فنیٹی فورم ‘کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ کرنسی کی تاریخ میں زبردست ارتقا دیکھنے کو ملا ہے ۔وزیراعظم نے بتایا کہ پچھلے سال ہندوستان میں پہلی بار، اے ٹی ایم سے نقد پیسے نکالنے کے مقابلے موبائل سے زیادہ ادائیگیاں کی گئیں۔مکمل طور پر ڈیجیٹل بینک جن کا کوئی فزیکل برانچ آفس نہیں ہے ، پہلے ہی ایک حقیقت بن چکے ہیں اور ان میں سے کچھ بینک ایک دہائی سے بھی کم عرصہ میں عوامی مقام بنے ہیں۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ 2014 میں صرف 50 فیصد ہندوستانیوں کے پاس بینک اکاؤنٹ تھے ، لیکن گزشتہ سات سال کے دوران ہندوستان نے 430 ملین جن دھن کھاتے کھول کر اسے ہر ایک تک پہنچایا ہے ۔اس سلسلے میں انہوں نے کئی مثالیں پیش کیں جیسے کہ 690 ملین’ روپے ‘ کارڈس سے پچھلے سال 1.3 بلین کی لین دین ہوئی؛ صرف پچھلے ایک مہینے میں یو پی آئی پراسیسنگ سے تقریباً 4.2 بلین کی لین دین کی گئی۔