انگلینڈ 188پر ڈھیر، آسٹریلیا نے 152رن کی برتری حاصل کی

ہوبارٹ//کپتان پیٹ کمنز (45 رن پر 4 وکٹ) اور مشل اسٹارک (53 رن پر 3 وکٹ) کی خطرناک گیندبازی کی بدولت آسٹریلیا نے انگلینڈ کو پانچویں اور آخری ایشز ٹسٹ میچ کے دوسرے روز آج 188 رن پر سمیٹ کر پہلی اننگز میں 115 رن کی اہم برتری حاصل کرلی لیکن آسٹریلیا نے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک اپنے تین وکٹ صرف 37 رن پر گنوا دیئے اور اس کی مجموعی برتری 152 رن کی ہوگئی ہے ۔  آسٹریلیا نے اس سے قبل کل کی اننگز میں چھ وکٹ پر 241 رن سے کھیلنا شروع کیا تھا اور اس کی پہلی اننگز 303 رن پر ختم ہوئی۔ ایلکس کیری 60 گیندوں پر 24 اور ناتھن لیون 27 گیندوں پر ایک چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے 31 رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ اسکاٹ بولنڈ 10 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔انگلینڈ کی جانب سے اسٹورٹ براڈ نے 59 رن دے کر تین اور مارک ووڈ نے 115 رن دے کر تین وکٹیں جبکہ اولی رابنسن اور کرس ووکس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ کی اننگز میں ووکس نے سب سے زیادہ 36 اور کپتان جو روٹ نے 34 رن بنائے ۔ سیم بلنگز نے 29 اور ڈیوڈ ملان نے 25 رن کا تعاون دیا ۔ جیک کراؤلی نے 18 اور مارک ووڈ نے 16 رن بنائے ۔ کمنز کے چار اور اسٹارک کے تین وکٹوں کے علاوہ اسکاٹ بولینڈ اور کیمرون گرین نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔  آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں 19 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 37 رنز بنالئے ہیں ۔ اسٹورٹ براڈ، کرس ووکس اور مارک ووڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ڈیوڈ وارنر پہلے اوور کی تیسری گیند پر براڈ کا شکار بنے ۔ عثمان خواجہ 11 رن بنا کر ووڈ کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے ۔ ووکس نے مارناس لابوشین کو پانچ رن پر پویلین بھیجا۔ اسٹمپ کے وقت اسٹیون اسمتھ 17 اور نائٹ واچ مین اسکاٹ بولنڈ تین رن بناکر کریز پر موجود تھے ۔یواین آئی