نئی دہلی//انگلینڈ کے جارحانہ سلامی بلے باز جونی بیرسٹو کو زخمی ہونے کے بعد ایلکس ہیلز کو ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ اور پاکستان سیریز کے لئے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ ای سی بی نے حال ہی میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا، اسی دن کی شام جب جونی بیرسٹو نے انکشاف کیا کہ وہ زخمی ہیں اور اگلے چند ہفتوں تک کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے ۔ بیئرسٹو جنوبی افریقہ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کا بھی حصہ تھے اور تیسرے ٹیسٹ سے قبل وقفے میں گولف کھیلنے گئے تھے جہاں وہ گر کر زخمی ہو گئے ۔ اب بیرسٹو کی تلافی کے لیے انگلش ٹیم نے ایلکس ہیلز کو موقع دیا ہے جو بڑے شاٹس کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہیلز 2019 ورلڈ کپ سے قبل ٹیم سے باہر تھے اور اس کے بعد سے قومی ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے تھے ۔انہیں دو بار منشیات کے استعمال میں مثبت پایا گیا تھا جس کی وجہ سے وہ معطلی کاسامنا کررہے تھے ۔ تب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے اس وقت اسے ‘میدان کے باہر کا واقعہ’ قرار دیا تھا، جس کی وجہ سے انہیں معطل کر دیا گیا تھا۔ انگلینڈ کے اس وقت کے محدود اوورز کے کپتان ایون مورگن نے ہیلز کے رویے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ٹیم کی اقدار کو “مکمل طور پر نظرانداز” کیا ہے اور ان پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔ ہیلز کی واپسی انگلینڈ کی پالیسی میں تبدیلی کا اشارہ بھی دیتی ہے ۔ مورگن کے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد جوس بٹلر محدود اوورز کی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ فارم میں چل رہے بلے باز بیرسٹو کو اب آپریشن کرانا پڑے گا اور انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل قریب میں مقابلوں سے باہر ہو جائیں گے ۔ ہیلز کو رواں ماہ پاکستان میں سات میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے انگلینڈ کی ٹیم میں بھی شامل کیا گیا تھا۔ اس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم آسٹریلیا جائے گی جہاں ٹیمیں 16 اکتوبر سے ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلیں گی۔