جموں// قومی کھیلوں کے ہفتہ کے چھٹے دن انڈیا پوسٹ، جموں و کشمیر سرکل نے سرینگر جنرل پوسٹ آفس سے لال چوک گھنٹہ گھر اور واپس سرینگر جی پی او کے راستے لال منڈی بنڈ روڈ تک ایک ’’فٹنس رن‘‘ کا انعقاد کیا۔ محکمہ ڈاک کے تقریباً 60 ملازمین نے فٹنس رن میں جوش و خروش سے حصہ لیا تاکہ ملازمین میں صحت کی دیکھ بھال کا احساس پیدا کیا جا سکے۔
’’فٹنس رن‘‘ میں خواتین عملے نے بھی حصہ لیا۔ کرنل ونود کمار چیف پی ایم جی، موجودہ چارج نے سرینگر میں کام کرنے والے محکمہ کے دیگر افسران کے ہمراہ صبح کے اوقات میں سرینگر جی پی او سے ’’فٹنس رن‘‘ کی قیادت کی۔کرنل ونود نے اس موقع پر کہا کہ تیز رفتار دنیا کے موجودہ منظر نامے میں لوگ اپنی دیکھ بھال کو نظر انداز کرتے ہیں اور دوسرے روزمرہ کے کاموں کو ترجیح دیتے ہیں جو طویل مدت میں صحت کو متاثر کرتے ہیں۔
انہوں نے آگاہ کیا کہ ہمارے عملے کے افراد ہماری ورک فورس ہیں اور دفتر میں دن کا زیادہ سے زیادہ وقت ساتھ رہتے ہیں۔ خود حوصلہ افزائی سے افرادی قوت کے معیار کو بہتر بنایا جا سکتا ہے اور یہ مقصد صرف ان کی اچھی صحت کا خیال رکھنے کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے، تب ہی ان کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہو گا اور محکمے کی خدمات میں مزید بہتری آئے گی۔