جکارتہ //انڈونیشیا کے ساؤتھ سولاویسی صوبے میں آئے شدید سیلاب اور تودے گرنے کی وجہ سے اب تک 14000 سے زیادہ لوگ بے گھر ہوچکے ہیں جبکہ 67 لوگ لاپتہ ہیں۔متاثرہ علاقوں میں راحت اور بچاؤ کا کام تیز کردیا گیا ہے ۔سیلاب سے اب تک 36 لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔صوبائی کھوج اور بچاؤ دفتر کے انچارج افسر زین الاسد نے کہا کہ سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر لووو اتارا ضلع کے سبانگ ،بائے بنٹا،پونٹا ڈین ،میلی او رمسامبا شہر میں راحت اور بچاؤ کے کام تیز کردئے گئے ہیں۔ان علاقوں میں کئی مکان،اسکول اور عوامی سہولیات تباہ ہوگئی ہیں۔سیلاب کی وجہ سے 14 ہزار سے زیادہ لوگوں کو اپنا گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات پر پناہ لینے کیلئے مجبور ہونا پڑا ہے ۔ اسد نے کہا’’گاؤں کے دومیٹر تک اونچائی میں کیچڑوں کا ڈھیر لگا ہوا ہے،زیادہ تر لاشیں کیچڑ سے برآمد کی گئیں،سڑکوں اور کئی دیگر مقامات پر بھی ایسے ڈھیر پائے گئے جس کی وجہ سے بچاؤ ٹیم کی کوششوں کو سست کرنا پڑا۔‘‘انہوں نے کہا کہ بچاؤ کام میں جٹے اہلکاروں کی مدد کیلئے بھاری مشین کی بھی مدد لی جارہی ہے ۔