سرینگر//جنوبی کشمیر کے ضلع اننت نا گ میں منشیات کی وباء تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہے تاہم متعلقہ محکمہ جات اس پر قابو پانے کی بھر پور کوشش کررہے ہیں جس کے تحت سال 2020میں ریکارڈ توڑ کیس درج کرلئے گئے ۔اننت ناگ پولیس نے ضلع میںاین ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 101 مقدمات درج کئے جو پولیس کے مطابق ضلع میں گذشتہ سات سالوں میں سب سے زیادہ ہیں۔ ضلع میں پریس کانفرنس کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے معاملات کی تفصیلات تقسیم کرتے ہوئے ایس ایس پی اننت ناگ سندیپ چوہدری نے بتایا کہ پچھلے سالوں کے مقابلہ میں 2020 میں مقدمات میں بہت بڑا اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ ’’ 2014 میں ضلع میں 40 مقدمات درج ہوئے تھے اور 45 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا‘‘۔انہوں نے کہاکہ 2015 میں 39 مقدمات میں 42 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ 2016 میں 28 مقدمات اور 43 افراد گرفتار ،2017 میں 45 مقدمات اور 56 افرادگرفتار، 2018 میں31 مقدمات اور 42 افراد، 2019 میں 36 مقدمات اور51 افراد جبکہ 2020 میں 101 مقدمات میں 133 افراد کو گرفتارکیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اننت ناگ ضلع میں منشیات کے دھندے اور اس کے استعمال میں اضافہ تشویشناک ہے ۔ایس ایس پی نے کہا کہ والدین اپنی ذمہ داریوں سے بھاگ نہیں سکتے اور اپنے بچوں کو مرنے سے نہیں روک سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کی سرگرمیوں پرصحیح طریقے سے نظر نہیں رکھ رہے ہیں جو کہ ان کی منصبی ذمہ داری ہے ۔سی این آئی