سرینگر // اننت ناگ پارلیمانی حلقہ میں قریب100پولنگ مراکز کو یا تو تبدیل کیا گیا ہے یا پھر انہیں ایک دوسرے کیساتھ یکجا کیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر اننت ناگ کے ایک بیان کے مطابق مختلف سیاسی پارٹیوں نے الیکشن کمیشن کی نوٹس میں پولنگ مراکز کی تبدیلی یا انہیں ایک ہی جگہ رکھنے کے بارے میں ٹھوس تجاویز دی تھیں، جس کے بعد ان سے دو بار مشاورت کی گئی۔بات چیت کے دوران جنوبی کشمیر کے اس حلقہ کی موجودہ سیکورٹی صورتحال، لوگوں کی پہنچ سے باہر پولنگ مراکز کا قیام، اور موجود بعض خدشات کے پیش نظر سبھی باتوں کا احاطہ کیا گیا۔ان میٹنگوں میں سیکورٹی فورسز کی موثر موجودگی اور لوگوں کیلئے ووٹ ڈالنے کے دوران کم سے کم فاصلہ طے کرنے کے معاملے پر غور وخوض بھی کیا گیا۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ بات چیت کے دوران جو تجاویز سامنے آئیں ان میں پولنگ کے اوقات کار کم کرنا بھی شامل تھا۔بعد میں اتفاق رائے سے 105مقامات پر 196پولنگ مراکز کو یا تو تبدیل کیا گیا یا انہیں ایک ہی جگہ یکجا کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس طرح کے فیصلے سے قریب 100پولنگ مراکز کم کردیئے گئے ہیں جو پہلے 424تھے اور اب 324رہ گئے ہیں۔اس سلسلے میں تمام متعلقین کو باضابطہ طور پر مطلع کردیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ جو پولنگ بوتھ تبدیل یا جنہیں یکجا کیا گیا ہے وہ انتہائی حساس زمرے میں آتے تھے، اور جہاں پہلے ہی خدشات ظاہر کئے گئے تھے۔اس دوران سیاسی جماعتوں کیساتھ میٹنگوں کے بعد پولنگ کے اوقات میں بھی تبدیلی کردی گئی ہے۔ اننت ناگ میں پولنگ کا اختتام 2گھنٹے پہلے ہی کرنے کے فیصلہ کیا گیا ہے جو پہلے شام 6بجے تھا اب 4بجے رکھا گیا ہے۔اس سلسلے میں ای سی آئی کی طرف سے جاری ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اننت ناگ پارلیمانی حلقہ کے تمام پولنگ مراکز پر پولنگ کے اوقات صُبح7 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک ہوںگے۔کمیشن نے28 مارچ کو یہ اوقات صُبح7 بجے سے شام6 بجے تک نوٹیفائی کئے تھے۔کمیشن نے ریاستی حکومت، ضلع انتظامیہ اور پولیس کی رپورٹوں اور امن و قانون کی صورتحال سے جڑے دیگر معاملات کو ملحوظ نظر رکھ کر پولنگ اوقات میں ترمیم کی ہے۔اننت ناگ پارلیمانی حلقہ میں تین مرحلوں کے تحت ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ضلع اننت ناگ میں23 اپریل، کولگام ضلع میں29 اپریل جبکہ شوپیاں اور پلوامہ اضلاع میں6 مئی2019 کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔