اننت ناگ میں ٹریفک ڈیوٹی پر مامور پولیس افسر کو ہلاک کردیا گیا

 اننت ناگ //اننت ناگ میں پولیس کے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا گیا۔یہ واقعہ مہندی کدل میں دوپہر کے وقت پیش آیا جب مذکورہ آفیسر ٹریفک جام میں پھنسی گاڑیوں کو نکال رہا تھا۔اانت ناگ کے مہندی کدل پر صبح کے وقت ہر روز ٹریفک جام رہتا ہے اور یہاں پولیس کی نفری بھی ٹریفک ڈیوٹی پر تعینات رہتی ہے تاکہ ٹریفک دبائو کوکم کیا جاسکے۔ حسب معمول سوموار کو بھی پولیس اہلکار مہندی کدل سے ٹریفک جام کلیئر کررہے تھے کہ اسی دوران نامعلوم مسلح افراد نے ایک پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹرعبد الرشید پر گولیاں چلائیں اور فرار ہوئے۔جس جگہ یہ واقعہ پیش آیا ، وہاں عمومی طورپر لوگوں کی بھاری بھیڑ رہتی ہے۔گولیاں چلتے ہی یہاں افراتفری پھیل گئی، دکانداروں نے اپنی دوکانوں کے شٹر گرادئے اور راہگیروں کے ساتھ ساتھ چھاپڑی فروشوں کو محفوظ مقامات کی طرف بھاگتے ہوئے دیکھا گیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور فورسز کی ٹیمیں علاقے میں پہنچیں اور انہوں نے خون میں لت پت پولیس افسر کو فوری طور پر ضلع اسپتال لیا۔وہاں سے انہیں سرینگر منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ  لاکر دم توڑ بیٹھا۔ پولیس اور سی آر پی ایف کی بھاری تعداد نے نزدیکی علاقوں کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی۔تاہم فوری طور پر حملہ آوروں کا کوئی سراغ نہیں ملا اور نہ ہی کسی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔واقعہ کے بعد پولیس اور فورسز کے سینئر افسران نے بھی علاقے کا دورہ کرکے صورتحال کاجائزہ لیا۔ حملے کے بعد قصبہ میں پولیس اور فورسز کو چوکس کرکے ہائی الرٹ پر رکھا گیا ۔