اننت ناگ میں طالب حسین کے حق میں احتجاج

 اننت ناگ//اننت ناگ میں سماجی کارکن طالب حسین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ٹرائبل کارڈی نیشن کمیٹی نے احتجاج کیا اور بی جے پی و چودھری لال سنگھ کے خلاف نعرے بلند کئے ۔احتجاجی مظاہرین نے کہاکہ سماجی کارکن جموں میں مسلمانوں کی ایک معتبر آواز بن چکی ہے لہذا اُسے ایک سازش کے تحت پھنسایا گیا ہے اور پولیس لاک آپ میں شدید جسمانی اذیتیں دی گئیں۔اُنہوں نے اس سلسلے میںریاستی گورنر سے مداخلت کرنے کی اپیل کی ہے ۔ اس دوران گوجر بکروال کانفرنس نے طالب حسین کو فرضی کیس میں گرفتار کرنے اور پولیس حراست میں مارپیٹ کے بعد اس کے خلاف اقدام خودکشی کامقدمہ درج کرنے کے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔دریں اثناء کے سی ایس ڈی ایس نے طالب حسین کی زیرحراست مارپیٹ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالب حسین نے کٹھوعہ میں 8سالہ بچی کی اجتماعی عصمت دری اور مقتول بچی کے انصاف کیلئے مہم چلائی تھی۔ انہوںنے اپنے ایک بیان میں لکھا ہے کہ طالب حسین کے رشتہ داروں نے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی ہے جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ خانہ بدوش برادری کیلئے انصاف کی مہم چلائی تھی جس کیلئے انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ کے سی ایس ڈی ایس نے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کیلئے آواز اٹھانے والوں کو  نشانہ بنایا جارہا ہے تاکہ چھوٹی بچی کی عصمت دری کے کیس کو دبایا جاسکے۔ کے سی ایس ڈی ایس نے کہا ہے کہ پولیس کو طالب حسین رہا کرنا چاہئے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ 8سالہ بچی کی عصمت دری میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جاسکے۔