اننت ناگ//پولیس نے گرفتار افراد کے اہل خانہ سے مبینہ طور رقم وصولنے کے الزام میں سرپنچ کو دھوکہ دہی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔پولیس نے جنگجوؤں سے مبینہ تعلق کے الزام میں کوکرناگ سے تعلق رکھنے والے 2 افراد (نام مخفی )کو پوچھ گچھ کے لئے تھانہ طلب کیا تھا۔ دوران پوچھ گچھ گرفتار افراد کے اہل خانہ نے اپنے بچوں کی رہائی کیلئے نثار احمد خان ساکنہ کاڈی پورہ سے رابط کیا ،اس بیچ دوران پوچھ گچھ گرفتار نوجوان بے قصور پائے گئے اور انہیں رہا کیا گیا۔اس بیچ پولیس کو جانکاری ملی کہ نثار احمد خان جو کہ گوپال پورہ کا سرپنچ بھی ہے، نے 1 لاکھ 10 ہزار روپیہ نوجوانوں کی رہائی کیلئے گرفتار نوجوانوں کے اہل خانہ سے وصول کیا ہے۔پولیس نے سرپنچ کو دھوکہ دہی و جعلسازی کے الزام میں گرفتار کرکے معاملہ کی نسبت کیس زیر نمبر 238/21 US 420 درج کیا ہے اور وصولی رقم اہل خانہ کو واپس کی ہے۔پولیس نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی شکایات کے ازالے کے لئے اپنے علاقوں میں تعینات سینئر پولیس افسران سے ملاقات کریں۔