اننت ناگ//اننت ناگ میں ایک خاتون کی سسرال میں پراسرار حالت میں موت واقع ہونے کے بعد پولیس نے معاملہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔30سالہ کوثرہ جان ساکنہ شہلی پورہ اچھ بل کی شادی 2 سال قبل عاصف احمد ساکنہ بی بی شاہ ہرناگ سے طے پائی ہوئی تھی ، خاتون 6 ماہ کی بیٹی کی والدہ ہے۔ منگل کو مذکورہ خاتون سسرال میں مردہ پائی گئی۔خاتون کی موت کی خبر پھیلتے ہی آبائی قصبہ شہلی پورہ اچھ بل میں صف ماتم بچھ گئی اور لوگوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہر آگئی اور خاتون کی موت کا الزام سسرال والوں پر عائد کرتے ہوئے احتجاج کیا۔مہلوک کے والد محمد یوسف کا کہنا ہے کہ خاتون کے سسرال والے ہر وقت اس کے بیٹی پر جہیز لانے کا دبا ئوڈال رہے تھے اور آج انہوں نے انکی بیٹی کو زہر دے کر ہلاک کیا ۔مہلوک خاتون کے ایک اور رشتہ دار کا کہنا تھا کہ انکی بیٹی،بچی کی پیدائش کے بعد گذشتہ روز سسرال واپس گئی تھی، منگل صبح کو انہیں سسرال والوں کی جانب سے فون آیا کہ کونثر جان کو دل کا دورہ پڑا ہے لہذا وہ لوگ ضلع اسپتال اننت ناگ پہنچے تاہم جب وہ لوگ اسپتال پہنچے تو انہوں نے اپنی بیٹی کو اسپتال میں مردہ پایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ خاتون کو اس کے سسرال والوں نے مار ڈالا ہے۔ اس بیچ شہلی پورہ اور اس کے ملحقہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے اچھ بل چوک میں احتجاج کیا اور واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔پولیس نے معاملہ کی نسبت کیس درج کیا ہے ۔قانونی لوازمات کے بعد خاتون کو نم آنکھوں آبائی قبرستان میں سینکڑوں لوگوں کی موجودگی میں سپرد خاک کیا گیا ۔