جموں + ڈورو//پولیس نے کہا ہے کہ انہوں نے عسکری تنظیم ٹی آر ایف سے وابستہ ایک جنگجو سانبہ میں چیکنگ کے دوران گرفتار کیا،جو گزشتہ سال کولگام میں تین بی جے پی ورکروں اور پولیس اہلکار کی ہلاکت میں ملوث ہے ۔ادھر جنوبی کشمیر میں تلاشی کارروائیوں کے دوران کئی افراد کو حراست میں لیا گیا۔ایس ایس پی سانبہ راجیش شرما نے کہا’’ پولیس نے ٹی آر ایف کے ایک جنگجو کو اننت ناگ اور سانبہ پولیس کی جانب سے کی گئی مشترکہ کارروائی کے دوران حراست میں لیا۔شرما نے کہا کہ ظہور احمد راتھر ساکن ڈورو ،اننت ناگ پولیس کو مطلوب تھا۔انہوں نے کہا’’ ہم نے بڑی برہمنا میں اسکی موجودگی کے بارے میں معلومات حاصل کیں جس کے بعد اسے ایک کرایہ کے کمرہ سے تیلی بستی علاقے سے حراست میں لیا گیا، جہاں وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ پچھلے 3ماہ سے رہائش پذیر تھا‘‘۔ایس ایس پی سانبہ نے کہا کہ اسے اننت ناگ پولیس نے اپنی تحویل میں لیا ہے اور تحقیقات جاری ہے۔جموں میں حکام نے لوگوں کو اس بات کا پابند بنایا ہے کہ وہ ان افراد کے بارے میں معلومات حاصل کریں جو کرایہ پر سکونت اختیار کرتے ہیں۔حال ہی میں سنجوان علاقے میں دو مالک مکان کو گرفتار کیا گیا تھا جنہوں نے کنجونی میں ایک جنگجو کمانڈر کو رہائش فراہم کی تھی۔ پولیس کے مطابق مذکورہ جنگجو نے سال 2020 میں ٹی آر ایف تنظیم میں شمولیت اختیار کی، تاہم وہ ابتدا میں جنگجو تنظیم حزب المجاہدین کے ساتھ وابستہ تھا اور اُس نے سال 2002 میں سرحدپارکرکے غیر قانونی طور پر اسلحہ کی تربیت حاصل کی تھی۔مذکورہ جنگجو چند غیر ملکی جنگجوئوں کے ہمراہ راجوری کے راستے سے وادی میں داخل ہوا اور بعد میں سال 2006 میں سرینڈر کیا۔واضح رہے 29 اکتوبر 2020کو وے کے پورہ کولگام میں3 بھارتیہ جنتاپارٹی کے کارکنوں فدا حسین ایتو، عمر رشید بیگ اور عمر رمضان حجام کو اس وقت ہلاک کیا گیا تھا جب مہلوک نجی کار میں کولگام سے واپس اپنے گھر کی طرف آرہے تھے۔اس بیچ گرفتار نوجوان کے اہل خانہ نے پولیس دعویٰ مسترد کرتے ہوئے اسے بے گناہ قرار دیا ہے۔نوجوان کے والد غلام حسن راتھر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ میرا بیٹا بے قصور ہے۔انہوں نے کہا کہ اسکابیٹا بہو اور 2 کمسن بچوں کے ہمراہ گذشتہ 2 مہینے سے تیلی بستی بڑہی برہمنا میں رہائش پذیررہا اور یہاں مزدوری کرکے اپنے عیال کا پیٹ پالتا تھا۔انہوں نے کہا کہ میرا بیٹا 20 سال قبل جنگجو تھا تاہم 2005 میں انہوں نے اننت ناگ پولیس کے سامنے خود سپردگی کی۔انہوں نے گرفتار نوجوان کو فوری رہا کرنے کی اپیل کی ہے۔