نئی دہلی// پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے منی لانڈرنگ کے معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ذریعہ 15 مارچ کے لئے انہیں جاری کردہ سمن کو منسوخ کرنے کیلئے منگل کو دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے بعد حراست میں ایک سال سے زائد عرصہ گذارنے کے بعد رہا ہونے والی 61 سالہ پی ڈی پی صدر کو دہلی میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ہیڈ کوارٹر میں پیش ہونے کے لئے نوٹس دی گئی ہے۔امکان ہے کہ یہ درخواست بدھ کے روز چیف جسٹس ڈی پٹیل کی سربراہی میں بنچ کے سامنے سماعت ہوگی۔اس کے علاوہ ، انہوں نے منی لانڈرنگ کی روک تھام کے ایکٹ کے سیکشن 50 کو بھی غیر منصفانہ و امتیازی سلوک ، حفاظتی اقدامات سے بچاؤ ، اور آئین دفعہ 20 شق(3) کی خلاف ورزی قرار دینے کی درخواست کی ہے۔ محبوبہ مفتی نے ایکٹ کی دفعہ 50 کی آئینی حیثیت سے متعلق قانون کے سوال کا فیصلہ ہونے تک سمنوں پر عبوری امتناع کی بھی درخواست کی ہے۔انہوں نے اپنی عرضی میں لکھا ہے۔’’انہیں بات سے متعلق مطلع نہیں کیا گیا ہے،انہیں ملزم کی حیثیت سے یا گواہ کے طور پر طلب کیا جائے، انہیں اس بارے میں بھی نہیں بتایا گیا ہے کہ انھیں کس معاملے میں طلب کیا جارہا ہے اور انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ(پی ایم ایل اے) کے تحت ہونے والے شیڈول جرم کے تحت سمن جاری کی گئی ہے‘‘۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار تحقیقات کا موضوع نہیں ہے ، اور نہ ہی وہ اپنی یاداشت کے مطابق کسی شیڈول جرم میں کسی بھی طرح کی مجرم ہے ، اور نہ ہی وہ ملزم ہے۔اس عرضی میں دعوی کیا گیا ہے کہ جب سے محبوبہ مفتی کو آئین کے دفعہ 370 کے باضابطہ منسوخ ہونے کے بعد نظربندی سے رہا کیا گیا ہے ، ریاست کی طرف سے اس کے ، جاننے والوں اور پرانے خاندانی دوستوں کے خلاف ، متعدد کاروائیوں کا سلسلہ جاری رہا ہے،اور ان تمام کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے طلب کیا گیا ہے،اور میری ذاتی ، سیاسی اور مالی امور کے بارے میں پوچھ تاچھ کی گئی ،اوراسی دوران ان کے ذاتی ساز و سان بھی ضبط کرلیے گئے ہیں۔انہوں نے ای ڈی کو ایک خط بھی لکھا ہے۔ محبوبہ مفتی کی جانب سے اس عرضی میں مزید کہا گیا ہے’’معاشرے کے ایک ذمہ دار رکن کی حیثیت سے ، درخواست گزار ہمیشہ قانون کے عمل میں مدد کے لئے تیار اور راضی ہے، تاہم ، اس کا بھی اتنا ہی فرض ہے کہ وہ، قانون سازی اور ایگزیکٹو کارروائیوں میں مناسب عمل سے انحرافات کو عدالت کے نوٹس میں لائیں ۔ درخواست گزار نے کہا ہے کہ یہ ناپسندیدہ نوٹس ہے اور اس پر بلاوجہ دباؤ اور ہراساں کرنے کا ایک ذریعہ ہے لہٰذا درخواست گزار اس سلسلے میں اپنے آئینی حقوق کی تاکید کرنا چاہتی ہے۔‘‘