عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر میں ملی ٹینٹ کی طرف سے ایک پولیس اہلکار کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے ایک دن بعد، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کو حکام کو ہدایت دی کہ وہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں ابھرتے ہوئے سیکورٹی خطرات کو بے اثر کرنے کیلئے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کو تیز کریں۔سنہا نے یہ ہدایات فوج، پولیس، سول انتظامیہ، سی اے پی ایف اور اہم سیکورٹی ایجنسیوں کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ کے دوران دیں۔میٹنگ کے بعد ایک سرکاری ترجمان نے کہا، “ایل جی نے حکام کو انتہائی چوکس رہنے، انٹیلی جنس کی زیر قیادت انسداد ملی ٹینسی کی کارروائیوں کو تیز کرنے اور ابھرتے ہوئے سیکورٹی خطرات کو فعال طور پر بے اثر کرنے کی ہدایت کی۔”
سیکورٹی جائزہ میٹنگ اننت ناگ ضلع کے لال چوک میں امرناتھ یاترا کی سیکورٹی ڈیوٹی پر مامور ایک پولس اہلکار کو اکیلے ملی ٹینٹ نے گولی مار کر ہلاک کرنے کے ایک دن بعد منعقد کی گئی۔میٹنگ میں جی او سی-ان-سی شمالی کمان لیفٹیننٹ جنرل پراتیک شرما، چیف سکریٹری اتل ڈلو، پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نلین پربھات اور امرناتھ شرائن بورڈ عہدیداروںنے شرکت کی۔حالیہ خراب موسم اور پورے خطے میں شدید بارش کی روشنی میں جاری یاترا کے لیے لاجسٹک اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے، سنہا نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ ہموار تال میل برقرار رکھیں اور تمام یاتریوں کی حفاظت، بہبود اور سہولت کو یقینی بنائیں۔انہوں نے تمام سہولیات کا محکمہ وار جائزہ لینے کی ہدایت کی جس میں فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، پاور گرڈز اور واٹر سپلائی انفراسٹرکچر کا سخت آڈٹ شامل ہے۔پہلے 20 دنوں میں 3,91,000 سے زیادہ یاتریوں نے درشن کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یاترا جموں و کشمیر میں خراب موسم کی وجہ سے 19 جولائی سے معطل ہے اور اس کی دوبارہ شروعات موسمی حالات پر سختی سے منحصر ہے۔حالیہ شدید بارشوں کے پیش نظر، سنہا نے سیلاب سے بچائو کے اقدامات کو مضبوط بنانے اور یاتریوں کی پٹریوں کے ساتھ موجود تمام نالہوں سے فوری طور پر ملبہ ہٹانے کی ہدایت دی۔انہوں نے مسلسل آپریشنل تیاری کی ضرورت پر زور دیا، چوبیس گھنٹے آفات سے نمٹنے کی تیاریوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے، صاف راستوں کو یقینی بنانے اور صفائی کی اچھی سہولیات اور راشن، ایل پی جی، مٹی کے تیل اور ہنگامی طبی سامان کے مناسب ذخائر کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔سنہا نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ راستے میں غیر رجسٹرڈ سروس فراہم کرنے والوں کو سختی سے روکیں اور 100 فیصد پری پیڈ سروس سسٹم کو لازمی طور پر نافذ کریں۔