سرینگر//عالمی یوم انسانی حقوق کے موقعے پر ریاستی انسانی حقو ق کمیشن کی طرف سے ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔پروگرام میں انسانی حقوق کے مختلف پہلوﺅں اور عالمی کنونشنوں کو عملانے کی ضرورت پر زوردیا گیا۔تقریب کی صدارت جسٹس بی اے کرمانی نے کی۔جب کہ کمیشن کے چیرمین جسٹس بلال نازکی کے علاوہ معروف انسانی حقوق کارکن پرویز امروز اوردیگر اہلکار بھی تقریب پر موجود رہے۔اپنے خطاب میں چیرمین نے اس دن کو منانے کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن کو مزید فعال بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ لوگوں کے مطالبات حل کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں انسانی حقوق کے بارے میں آگاہی دلائی جاسکے۔انہوںنے کہاکہ بیروکریسی ،پولیس ،میڈیا اورسول سوسائٹی کو انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے اپنا رول ادا کرنا ہوگا ۔انہوں نے عوام کو آگے آکر اپنی شکایات کمیشن میں درج کرانے کی اپیل کی ۔تقریب پر دیگر مقررین نے بھی خطاب کرکے انسانی حقوق کے تحفظ کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ادھرجموں وکشمیر سٹیٹ ہیومن رائٹرس کمیشن کے سب آفس جموں میں آج انسانی حقو ق کے عالمی دن کے حوالے سے ایک تقریب منقعد ہوئی جس میں کمیشن کے ممبرجنگ بہادر سنگھ جموال نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ممبر موصوف نے اس دِن کی تواریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 10دسمبر 1948 کو انسانی حقو ق کے دن اعلان کیا۔ انہوںنے اس موقعہ پر کئی دیگر معاہدوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے انسانی حقوق کے بارے میں لوگوں میں جامع بیداری کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔