منڈی// ضلع پونچھ کی سرحدی علاقہ تحصیل منڈی کا گورنمنٹ ڈگری کالج 3برسوں سے دو کمروں اور ایک دفتر میں سرکار کی جانب سے چلایا جا رہا ہے۔ اگر چہ سرکار کی جانب سے کالج عمارت کے لیے مختلف مقامات پر اراضی بھی دیکھی جا رہی ہے مگر ابھی تک یہ نہیں طے ہو پایا کہ کالج عمارت کہاں تعمیر کی جائے گی۔ واضح رہے کہ تین برس قبل سرکار کی جانب سے جموں کشمیر کے مختلف علاقوں میں ڈگری کالجز دینے کا اعلان کیا گیا تھا جس دوران منڈی تحصیل کو بھی سرکار کی جانب سے ڈگری کالج دیا گیا تھا جس کی وجہ سے تحصیل منڈی کے طلباو طالبات نے اپنی اعلی تعلیم کے حوالے سے راحت کی سانس لی تھی ۔اگر چہ اس وقت ڈگری کالج میں تدریسی نظام چلایا جا رہا ہے مگر جس عمارت میں یہ سلسلہ چلایا جا رہا ہے وہ عمارت محض تین کمروں پر مشتمل ہے جس میں 100 سے زاید طلباء و طالبات اپنی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ یہ عمارت محکمہ دیہی ترقی کی پرانی عمارت ہے جس میں گزشتہ تین برسوں سے کالج کا کام کاج چلایا جا رہا ہے اور تین برس گزر جانے کے بعد بھی کالج کی عمارت تعمیر نہ ہو سکی جس کی وجہ سے طلباء و طالبات کو کافی مشکلات کا سامنہ کرنا پڑ رہا ہے۔ جگہ کی عدم دستیابی کی وجہ سے صاف موسم میں بھی طلباء کو کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنی پڑتی ہے اور بارشوں کے دنوں میں یا تو طلباء کالج کا رخ ہی نہیں کرتے یا تو ایک ہی کمرے میں پرائمری اسکول کے بچوں کی طرح تعلیم حاصل کرنی پڑتی ہے ۔اس حوالے کالج کے متعدد طلباء نے بتایا کہ کالج عمارت نہ ہونے کی وجہ سے انہیں 3برس سے مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا "ہم یا تو کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرتے ہیں یا بارشوں کی وجہ سے ایک ہی کمرے میں بیٹھتے ہیں جہاں دن کو بھی روشنی نہیں ملتی۔ کلاس لگانے کے لئے پہلی کلاس نکلنے کے انتظار میں پورا دن یوں ہی گزر جاتا ہے" ۔رابطہ کرنے پر انچارج پرنسپل ڈگری کالج منڈی پروفیسر اورنگزیب نے بتایا کہ کالج کی تعمیر کے لئے اعظم آباد اور راجپورہ میں اراضی دیکھی گئی ہے اور ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ بھی اس سلسلہ میں از خود دونوں جگہوں کا معاینہ کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کالج کی تعمیر کے لئے پچاس کنال سے زاید زمین درکار ہے جس کے لئے محکمہ مال کے افسران کی بھی مدد لی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکار کی جانب سے کالج کی تعمیر کے لئے رقومات بھی واگزار کی گئی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد زمین کا تعین کر کے کالج کی عمارت کا تعمیری کام شروع کیا جائے گا۔