جموں//پردیش کانگریس نے سابق وزیر اعظم ہند اندرگاندھی کو ان کی32ویں برسی پر خراج ِ عقیدت پیش کیا ہے۔آنجہانی اندرگاندھی کی برسی میں کے روز ریاست بھر میں مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ جموں صوبہ میں اس طرح کی مرکزی تقریب کانگریس پارٹی کے زیر ِ اہتمام اندراچوک میں منعقد ہوئی جس کی سربراہی پی سی سی چیف غلام احمد میر کر رہے تھے۔ تقریب میں کانگریس کے سینئر لیڈران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔آنجہانی اندراگاندھی کو خراج ِعقیدت پیش کرتے ہوئے ریاستی کانگریس کے سربراہ غلام احمد میر نے کہا کہ اندر گاندھی کے قتل سے قومی یکجہتی کی تحریک کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی اور آنجہانی وزیر اعظم کو اتحاد اور ہم آہنگی کے حوالہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔میر نے کہا کہ اندرا گاندھی کو ان کی خدمات کے لئے نسل در نسل یاد رکھا جائے گا۔کانگریس صدر نے کہا کہ ان کی حصولیابیوں میں سبز انقلاب، بیس نکاتی پروگرام ، بینکوں کو قومیانے کا عمل،پوکھرنI اور غریبی ہٹائو جیسے پروگرام ہمیشہ ان کی خدمات کو یاد کرواتے رہیں گے۔غلام احمد میر نے موجودہ بھاجپا قیادت والی این ڈی اے حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اس نے عظیم لیڈروں کی خدمات اور حصولیابیوں کو گنوا دیا ہے جنہوں نے آزادی کی جدوجہد اور اورآزادی کے بعد ملک کی تعمیر میں حصہ لیا۔انہوں نے کہا کہ اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے قومی یکجہتی کے لئے اپنی جانیں قربان کر دیں۔ تاہم یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی تاریخ کو دوبارہ لکھنا چاہتی ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی تاریخ کی کتابوں کو خاکستر کر سکتی ہے، انہیں در یا برد کر سکتی ہے لیکن مہاتما گاندھی کے نام کو نہیں مٹا سکتی۔انہوں نے کہا نہرو، اندرا اور راجیو گاندھی کو عوام کے دل و دماغ سے ہٹایا نہیں جا سکتا۔سینئر نائب صدر شام لال شرما،رمن بھلاودیگرکانگریس رہنمائوں نے اندرا گاندھی کو خراج ِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانی کو یاد کیاا ور کہا کہ اندرا گاندھی نے ملک میں اتفاق ، یکجہتی اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔شرما نے کہا کہ اندرا گاندھی کو ہندوستان کو عالمی سطح پر اس کے مقام و مرتبہ اور وقار میں اضافے کے لئے گئے اقدامات کے حوالہ سے بھی یاد رکھا جائے گا۔سابق وزیر مولا رام نے بھی اندرا گاندھی کو خراج ِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا غیر وابستہ تحریک،انڈو سویت فرنڈشپ اور 971کی جنگوں میں ان کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کے عزم و حوصلے کو سراہا۔