سرینگر//عوامی اتحاد پارٹی نے انجینئر رشید کی گذشتہ دو دنوں سے کوٹھی باغ تھانے میں مسلسل نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے حربوں سے کشمیریوں کی جائز آواز کودبایا نہیں جا سکتا اور نہ ہی وردی پوشوں کے مظالم کو چھپایا جا سکتا ہے ۔ ادھر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے سابق ممبر اسمبلی انجینئر رشید کی گرفتاری اور انہیں مسلسل تھانہ نظر بند رکھنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ ایک بیان میں عوامی اتحاد پارٹی ترجمان ایڈوکیٹ ماجد بانڈے نے کہا ’’جس طرح نئی دلی نے کشمیر میں قتل و غارت گری کا بازار گرم کیا ہے اور یہاں ہر سچی بات کہنے والے کا گلہ گھونٹنے کا فیصلہ کیا ہے اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ ہندوستانی فوج کے سربرا ہ جنرل بپن رائوت کا گذشتہ دو دنوں سے مسلسل کشمیریوں کو دھمکیاں دینا اس بات کا ثبوت ہے کہ نئی دلی کے پاس مسئلہ کا کوئی حل نہیں اور آنے والے دنوں میں کشمیریوں کو عسکریت پسند، OGW، پتھر باز اور شر پسند کہہ کر گولیوں کا شکار کرنے کی وردی پوشوں کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے ۔ پوچھا جا سکتا ہے کہ اگر پلوامہ جیسے قتل عام کے خلاف آوازا ٹھانا بھی جرم ہے تو پھر ریاست میں سیاسی عمل یا سرگرمیوں کی گنجائش کہاں بچتی ہے ۔ جس طرح سے گورنر اور اس کے مشیرروز کشمیریوں کو فضول کی وعظ و نصیحت میں مشغول ہیں وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ گورنر اور اس کی انتظامیہ کے پاس کوئی اختیارات نہیں اور اصل اختیارات صرف اور صرف فوج، پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوںکے پاس ہیں ۔ در اصل گورنر موصوف وہی بات کرتے ہیں جو سیکورٹی ایجنسیاں انہیں اختیار دیتی ہیں جو کہ سیول انتظامیہ کا اصل میں کوئی نام و نشان ہی نہیں ہے ‘‘۔ ترجمان نے کہا کہ دراصل پارٹی کی طرف سے بادامی باغ کے فوجی ہیڈ کوارٹر کے باہر آج کے مجوزہ دھرنا سے گھبرا کر انتظامیہ نے انجینئر رشید کو مسلسل نظر بند رکھ کر اپنی بے بسی کا مظاہرہ کیا ہے تاہم ایسے حربوں سے کشمیریوں کی جائز آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ ادھر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے سابق ممبر اسمبلی انجینئر رشید کی گرفتاری اور انہیں مسلسل تھانہ نظر بند رکھنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ عجیب بات ہے کہ گورنرانتظامیہ اب دومدتوں تک ممبر اسمبلی رہنے والے سیاست دان کو بھی پر امن احتجاج کرنے کی اجازت نہیں دیتی ہے ۔پی ڈی پی جنرل سیکریٹری و سابق وزیر عبدالحق خان نے کہاکہ کشمیر میں خون خرابے پر ہر شخص مضطرب ہے اور یہ بات قابل مذمت ہے کہ گورنر انتظامیہ پر امن مظاہرین پر بھی طاقت کا استعمال کررہی ہے ،انجینئر رشید کی فوری رہائی کامطالبہ کرتے ہوئے حق خان نے کہاکہ دو بار ممبر اسمبلی رہنے والے سیاست دان انجینئر رشید کی گرفتاری گورنر انتظامیہ کی جانب سے طاقت کا بے جا مظاہرہ ہے ۔