سرینگر//انجمن شرعی شیعیان نے آغا سیدمہدی کو انکی برسی پر خراج عقیدت ادا کیا۔اس سلسلے میںجامع مسجد بڈگام میں خصوصی مجلس کا انعقاد ہوا جس میں مرثیہ خوانی کے ساتھ ساتھ مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے اجتماعی قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی ۔اس موقع پر موصوف کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انجمن کے صدرآغا سید حسن نے کہا کہ آغا سید مہدی نے اپنی انتہائی قلیل سیاسی زندگی میں عوام کی خدمت کے لئے جو کارہائے نمایاںانجام دئے انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ موصوف کا مشن خدمت خلق نمونہ عمل ہے۔ دریں اثناء آغا حسن نے وادی کے اطراف و اکناف میں نوجوانوں بالخصوص جیلوں سے رہا شدہ نوجوان طبقے کو پولیس کی طرف سے ہراساں کرنے انہیں تھانوں میں بلاکر انکے خلاف بے بنیاد کیس دائر کرنے کی کاروائیوں پر سخت تشویش ظاہر کیا۔انہوںنے کہا کہ نوجوانوں کو بار بار پولیس تھانوں میں طلب کرکے ایک اشتعال انگیز صورتحال دانستہ طور پر پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسی کاروائیاں موجودہ پر امن فضا کو درہم برہم کرسکتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گنڈ حسی بٹ میں ایک سال پہلے کے معاملے کو زندہ کرکے نوجوانوں کو ہراسان کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لے تاکہ علاقہ میں یہ معاملہ کسی ناخوشگوار صورتحال کا پیش خیمہ ثابت نہ ہو سکے۔