جموں//چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے انتظامی سیکرٹریوں ، صوبہ کمشنروں اور ضلع ترقیاتی کمشنروں کے ساتھ پی ایف ایم ایس اورڈی بی ٹی سکیموںکی عمل آوری کا جائزہ لیا۔ڈویژنل کمشنر کشمیر اور ضلع ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔اس موقعہ پر سینٹر ل سیکٹر اور ریاستی سطح کی سکیموں کے حوالے سے ڈی بی ٹی کی عمل آوری پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا اور کہا گیا ہے ڈی بی ٹی پورٹل کو درج کیا گیا ہے اور یہ کام کرر ہاہے ۔چیف سیکرٹری نے انتظامی سیکرٹریوں اور ڈپٹی کمشنروں پر زور دیا ہے کہ وہ پی ایف ایم ایس اور ڈی بی ٹی سکیم کی عمل آوری میں تیزی لائیں تاکہ عوامی رقومات کو بروئے کار لانے کے دوران شفافیت اور جواب دہی کے عمل کو فروغ حاصل ہوسکے ۔ضلع ترقیاتی کمشنروں سے کہا گیا کہ وہ ہفتہ وار بنیادوں پر ان سکیموں کی عمل آوری کا جائزہ لیا کریں۔علاوہ ازیں انتظام سیکرٹریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ پی ایف ایم ایس اور ڈی بی ٹی کی عمل آوری کے لئے کل تک محکمانہ نوڈل آفیسر نامزد کریں۔چیف سیکرٹری نے محکمہ خزانہ سے کہا کہ وہ دونوں صوبوں کے لئے ماہرین کی ایک ٹیم چار دنوں کے لئے 28نومبر سے روانہ کریں۔ یہ ماہرین نامزد کئے گئے نوڈل افسروں اوردیگر افسروں کو ضلع اور صوبائی سطحوں پر پی ایف ایم ایس اور ڈی بی ٹی کی عمل آوری کے مختلف پہلوئوں کے متعلق تربیت دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر اس طرح کی ایک ٹیم سیکرٹریٹ سطح پر بھی لازمی تربیت دے گی۔