کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کے بیشتر ڈی ڈی سی ممبران ، بی ڈی سی چیئرپرسن،پنچوں و سرپنچوں نے ضلع ترقیاتی کونسل چیئرپرسن پوجا ٹھاکر کی قیادت میں منی سیکریٹریٹ احاطے میں قریب 4 گھنٹے تک انتظامیہ اور افسران کے غیرسنجیدہ رویہ کو لیکر احتجاج کیا۔احتجاج میں نیشنل کانفرس،کانگریس ممبران کے ساتھ بی جے پی کے بھی چند ممبران شامل تھے۔پی آر آئی ممبران کا احتجاج انتظامیہ کے افسران کے کو انکے ساتھ تلخ رویہ کو لیکر تھا۔اس موقعہ پر بات کرتے ہوئے سرپنچوں، ڈی ڈی سی ممبران و بی ڈی سی چیئرپرسنز نے انتطامیہ کے افسران پر انکے ساتھ غیرسنجیدہ رویہ وعدم تعاون کا الزام لگایا۔سرپنچ پوچھال کملیشہ نے بتایا کہ کسی بھی دفتر میں کوئی بھی افسر انکی بات نہیں سنتا،لوگ انکے پاس اپنی شکایتوں کا ازالہ کرنے کیلئے آتے ہیں لیکن جب متعلقہ محکمہ کے افسران انکی باتوں کی ان سنی کردیتے ہیںتو کس طرح وہ لوگوں کے کام کرسکیںگے۔چھاترو کے سرپنچ نے بتایا کہ لوگوں کی باتوں کو سنا نہیں جاتا ہے اور وہ مجبور ہوکر انتظامیہ کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔سگدی کے سرپنچ نے بتایا کہ چند افسران ضلع کے اندر تاناشاہ بنے ہوئے ہیں جو کسی بھی پی آر آئی ممبر کی بات نہیں سنتے۔انہوںنے کہا کہ ممبران لوگوں کے مطالبات کو لیکر انتظامیہ کے پاس جاتے ہیں لیکن انکی کوئی نہیں سنتا،اگرسرکارنے کروڑوں روپے خرچ کئے تاکہ پنچایتی راج کو مضبوط کیا جاسکے لیکن بدقسمتی سے انکی کسی بھی بات کو سنا نہیں جاتا۔پنچ نے بتایا کہ کسی بھی محکمہ کا افسر انکی بات نہیں سنتا ہے جسکے سبب وہ آج احتجاج کررہے ہیں۔بی جے پی کے بی ڈی سی چیئرپرسن نے بھی اگرچہ احتجاج میں شرکت کی لیکن کچھ دیر بعد وہ چلے گئے۔ ضلع ترقیاتی کونسل چیئرپرسن پوجا ٹھاکر نے بتایا کہ انھیں ضلع افسر نے بتایا کہ انکا پروڈوکول صرف رسمی ہے جو صرف چند ہی پروگراموں تک محدود ہے۔انھوں نے بتایا کہ لڑائی ذاتی پروٹوکول کی نہیں ہے بلکہ سبھی عوام کی ہے ،کیا ڈسڑکٹ ڈیولپمنٹ بورڈ کا چیئرپرسن صرف نام کیلئے بنایا گیا ہے جبکہ اگر وہ کسی بھی افسر سے بات کرے یا ان سے کوئی جواب طلب کرے تو کوئی انکی بات نہیں سنتا ہے۔انہوںنے کہا’’ہمیںواضح کہا جائے ک کہ ہمیں پروٹوکول کس طرح کا ہے تاکہ ہم اسی طرح کام کرسکیں‘‘۔احتجاج کررہے پی آر آئی ممبران کے پاس اگرچہ اے سی آر ، اے ڈی سی ،پنچایت افسر نے معاملے کو حل کرنے کی کوشش کی لیکن بات نہ بن پائی جسکے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ نے خود آکر احتجاج کررہے پی آر آئی ممبران سے بات کی اور انھیں میٹنگ کرکے مسئلہ حل کرنے کو کہاجسکے بعد سبھی ممبران کی ضلع ترقیاتی کمشنر سے میٹنگ ہال میں میٹنگ ہوئی جسکے بعدچیئرپرسن نے بتایاکہ چیف سیکریٹری نے انھیں یقین دلایا کہ ضلع انتظامیہ تعاون کرے گی اور آپکے سبھی مسلوں کو حل کیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ یہ سب ان سے لکھ کر لیا گیااور اگر ہمیں لگا کہ انتظامیہ کا رویہ ٹھیک نہ رہا تو ہم دوبارہ احتجاج کریں گے۔