سرینگر//پلوامہ میں شہری ہلاکتوں پر صدمے اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے پی ڈی پی محبوبہ مفتی نے کہا کہ اس واقعہ سے ساری ریاست خوف زدہ ہوگئی ہے اور انتظامیہ کو صورتحال سے نمٹتے وقت متکبرانہ رویہ ترک کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی تحقیقات یا جانچ ہلاک ہوئے شہریوں کو واپس زندگی دلانے کیلئے کافی نہیں ہے اور اس سے لوگ مزید الگ تھلگ ہوں گے ۔محبوبہ مفتی نے کشمیرمیںلوگوں کوتحفظ فراہم کرنے میں انتظامیہ کی ناکامی پرافسوس کااظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ سے جنوبی کشمیر خاص طور سے تباہی اور خوف کے دور سے گزررہا ہے ۔محبوبہ نے سوال کیا کہ کیا ہمیں گورنر سے یہی توقعات تھیں؟انہوں نے کہا کہ لوگوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا اس انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے جس میں یہ مکمل طور ناکام ہوگئے۔ انہوں نے انتظامیہ سے کہا کہ وہ لوگوں کے ساتھ سختی کارویہ ترک کرے اور روزمرہ کے امن قانون و دیگرمعاملات کو انسانی رویے کیساتھ نمٹائے ۔ نیز ملکی قیادت کو مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے کوئی نیا طریقہ کار اختیار کرنا چاہئے۔محبوبہ مفتی نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہوئے شہریوں کے روح کے ابدی سکون کی دعاکی۔