سرنکوٹ// نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر و سابق وزیر سید مشتاق احمد بخاری نے انتظامیہ پر عوامی مسائل کے حل میں غافل رہنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ غریب طبقے کو مشکلات میں دھکیلاجارہاہے ۔ سرنکوٹ کے دورافتادہ علاقے ہاڑی میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بخاری نے کہاکہ انہیں لوگوں کے مسائل دیکھ کر سخت افسوس ہوتاہے اور ایسا لگتاہے جیسے یہ علاقہ ریاست کا حصہ نہیں ۔ان کاکہناتھاکہ انتظامیہ غفلت شعاری سے کام لے رہی ہے اور یہاں کے مستحق کنبوں کو بی پی ایل سے زمرے سے باہر کردیاگیاہے ۔بخاری نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کو محلہ سفیدہ کے 600 افراد کے ساتھ انصاف کرناچاہئے اور ان کے ساتھ ہوئی ناانصافی پر تحقیقات کرنی چاہئے ۔انہوںنے کہاکہ یہ بات ناقابل برداشت ہے کہ ملازم پیشہ افراد کو بی پی ایل زمرے میں رکھاجائے اور غریبوں کو اے پی ایل میں ۔انہوں نے کہاکہ اسی ناانصافی کا نتیجہ ہے کہ مستحق ہونے کے باوجود لوگ مرکزی معاونت والی سکیموں بالخصوص پردھان منتری آواس یوجنا (گرامین)کافائدہ نہیں اٹھاپاتے اور انہیں مکانات کی تعمیر کیلئے رقومات نہیں مل رہی جبکہ ان کے مکانات کی حالت انتہائی خستہ ہے ۔انہوں نے مقامی لوگوں کو یقین دلایاکہ وہ اس حوالے سے حکام سے بات کریں گے ۔بخاری نے کارکنان پر زور دیاکہ وہ نیشنل کانفرنس کی مضبوطی کیلئے اقدامات کریں اور پارٹی کو بنیادی سطح پر مستحکم کیاجائے تاکہ غریب عوام کے مسائل کا حل کیاجاسکے ۔قبل ازیں مقامی لوگوں نے بخاری کو اپنے مسائل سے روشناس کروایا اور بتایاکہ انہیں کسی قسم کی سہولت میسر نہیں اور نہ ہی ان کا کوئی پرسان حال ہے ۔