راجوری //سرحدی ضلع راجوری اور پونچھ میں انتخابی عملے کو پولنگ اسٹیشنوں تک لے جانے کیلئے مسافر گاڑیوں کے استعمال کی وجہ سے عام لوگوں و مسافروں کوشدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔پارلیمانی انتخابات کے چلتے راجوری کے جنرل بس اسٹینڈ پر پانچ سے چھ مسافر گاڑیاں ہی موجود تھی جبکہ پنجہ چوک ،سلانی پل ،کھیورہ چوک دیگر علا قوں میں مسافروں کی ایک بڑی تعداد درماندہ رہی ۔اس سلسلہ میں ٹھنڈی کسی کے گوتم کمار نے کہاکہ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے انتخابات ضروری ہیں لیکن عام لوگوں کے پاس گاڑیوں کی سہولیات دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے ان کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ 95فیصد مسافر گاڑیاں الیکشن ڈیوٹی کیلئے لگا دی گئی ہیں جبکہ مسافروں کیلئے صرف 5فیصد گاڑیاں دستیاب رکھی گئی ہیں جوکہ بہت کم ہیں ۔اسی طرح ایک خاتون مسافر ششی بالہ نے کہاکہ وہ پنجہ چوک میں مسافر گاڑی کا انتظار کر رہی ہیں لیکن گاڑیوں کے نہ ہونے کی وجہ سے ان کو مشکل کا سامنا کرنا پڑا ۔اسی طرح سرحدی ضلع پونچھکے مختلف علا قوں میں مسافر بسوں کی قلت کی وجہ سے عام لوگوں کو مشکلات کا سا منا کرنا پڑا ۔اس سلسلہ میںمحمود اشرا نے بتایا کہ ضلع میں سے مسافر بسوں ،منی بسوں ودیگر گاڑیوں کو انتخابی عملے کو چھوڑنے کیلئے تعینات کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔