سر ینگر//ریاست میںسرینگر اور ادھمپور پارلیمانی نشستوں کیلئے ہوئی دوسرے مرحلے کی ووٹنگ کے دوران پولنگ کی مجموعی شرح45.7 فیصد رہی۔سرینگر میں ووٹنگ کی شرح14.1رہی جبکہ اودہمپور حلقے میں پولنگ کی شرح 70.2ریکارڈ کی گئی۔چیف الیکٹورل افسر( سی ای او) شلیندر کمار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے مرحلے کی پولنگ پُر امن رہی ۔ اُنہوں نے کہا کہ سرینگر پارلیمانی حلقہ تین اضلاع پر محیط ہے جن میں سرینگر ، بڈگام اور گاندربل اضلاع شامل ہیں۔ ان حلقوں کی اسمبلی نشستوں کی تعداد 15 ہے اور ان میں کلہم 14.1فیصد ووٹنگ درج کی گئی ۔سب سے زیادہ ووٹنگ کی شرح ضلع بڈگام میں درج کی گئی جو 21.5 فیصد رہی ۔کنگن میں23.5فیصد، گاندربل میں13فیصد، حضرتبل 9.5،زڈی بل 8.3، عید گاہ 3.4،خانیار 9.1،حبہ کدل4.3،امیرا کدل 4.9،سونہ وار 12.5اوربٹہ مالو میں 7.9 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔چاڑورہ میں9.9، بڈگام میں18.8، بیروہ میں23.6، خانصاحب میں 24.3اور چرار شریف میں 32.1فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔ ادھمپور پارلیمانی حلقہ اِنتخاب 17اسمبلی نشستوں پر محیط ہے جن میں کشتواڑ ، ڈوڈہ ، رام بن ، ریاسی، ادھمپور اور کٹھوعہ کے 6اضلاع پر شامل ہیں۔اس حلقہ اِنتخاب میں کلہم 70.2فیصد ووٹنگ درج کی گئی ۔اسی طرح ادھمپور میں 74.8،ریاسی میں 72.7فیصد، کشتواڑ میں 66.2فیصد ، کٹھوعہ میں 74.0 فیصد ، ڈوڈہ 64.1فیصداور رام بن 59.5 فیصد درج کی گئی ۔سری نگر حلقہ اِنتخاب 15 اسمبلی نشستوں پر محیط ہے جن میں گاندربل ، سری نگر اور بڈگام میں 1,295,304رجسٹرڈ ووٹر موجو د ہیں جن میں 1,294,560جنرل ووٹر اور 744سروس ووٹر شامل ہیں۔حکام نے پارلیمانی حلقہ اِنتخاب میں پولنگ یقینی بنانے کے لئے 1716پولنگ مراکز قائم کئے تھے۔اُدھمپور پارلیمانی نشست کے لئے 1685779رائے دہندگان موجود ہیں ۔جن میں سے 1665467 جنرل ووٹر اور 20312سروس ووٹر رجسٹر ڈ ہیں۔اُنہوں نے کہاکہ دونوں حلقوں میں کُل24 اُمیدوار میدان میں ہیں جن میں سے ادھمپور حلقہ اِنتخاب کے لئے 12 اور سری نگر حلقہ انتخاب کے لئے 12 اُمید وار میدان میں ہیں۔اُنہوں نے کہاکہ اِنتخابات جنرل اوزبرور ، اخراجاتی مبصراور پولیس مبصرین کی نگرانی میں منعقد ہوا۔ اس کے علاوہ مائیکرو اوبزروروں کے علاوہ بھاری تعداد میں عملے کو ان دو نشستوں میں چناؤ کے دِن4447 پولنگ مراکز پر تعینات کیا گیا تھا۔اُنہوں نے کہاکہ پہلی دفعہ اپنی رائے دہی کا اظہار کرنے والے ووٹر وں کی تعداد لگ بھگ 1.5لاکھ تھی۔