نیویارک //امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے صدر کی جانب سے صدارتی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کے حق میں واشنگٹن میں 'میگا ملین مارچ کے نام سے احتجاجی ریلی نکالی۔واشنگٹن پولیس کے مطابق اس دوران ریلی کے شرکا اور مخالفین کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں چار زخمی افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ 23 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔خیال رہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ تین نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں نو منتخب صدر جو بائیڈن کی کامیابی کو تاحال تسلیم نہیں کیا۔صدر کا یہ اصرار ہے کہ وہ نتائج پلٹنے کے لیے ہر قانونی راہ اختیار کریں گے۔ہفتے کو صدر ٹرمپ کے ہزاروں حامی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کی سڑکوں پر نکل آئے اور اُن کے حق میں نعرہ بازی کرتے رہے۔یہ احتجاج ایسے وقت میں ہوا جب صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کی جانب سے نتائج چیلنج کرنے کی متعدد درخواستیں عدالت سے مسترد ہو چکی ہیں اور 14 دسمبر کو 'الیکٹرز صدارتی انتخابات کے نتائج کی باضابطہ طور پر تصدیق کریں گے۔ہفتے کو اس ریلی کا شیڈول پہلے سے طے شدہ تھا ۔ صدر ٹرمپ نے ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ "ہزاروں افراد واشنگٹن ڈی سی میں جمع ہو رہے ہیں تاکہ 'چوری روکی جا سکے۔ مجھے نہیں معلوم تھا کہ یہ ہو گا۔"خیال رہے کہ امریکہ کی سپریم کورٹ نے ریاست ٹیکساس میں بھی تین نومبر کے انتخابی نتائج کو کالعدم قرار دینے کے مقدمے کو خارج کر دیا ہے۔