سرینگر// رِیور پولیس نے امیراکدل پل سے جہلم میں مبینہ طور پر چھلانگ لگانے والے بزرگ شہری کو بچالیا۔ ادھر نواکدل میں3روز قبل کھاگ کے غرقآب شہری کی لاش برآمد کی۔ سنیچر کو امیراکدل پل پر اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک بزرگ شہری نے مبینہ طور پر جہلم میں کود کر زندگی کا خاتمہ کرنا چاہا۔ اس موقعہ پر ریور پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بزرگ شہری کو بچالیاجس کی شناخت محمد صدیق زرگر ولد عبدالرشید ساکن چھتہ بل کے بطور ہوئی۔ مذکورہ شہری نے ابتدائی طور پر یہ بتایا کہ اسے چکر آگیاتھاجس کی وجہ سے وہ دریائے جہلم میں گر گیا۔ریور پولیس پیرزو نے مذکورہ شہری کو پولیس تھانہ شہید گنج کے سپرد کیا۔ادھر نواکدل میں3روز قبل شبیر احمد شیخ ولد عبدالرحمان شیخ ساکن کھاگ بڈگام اس وقت غرقآب ہوا تھا جب ذرائع کے مطابق وہ بھیڑوں کو دریائے جہلم میں نہلا رہا تھااور بھیڑ کو بچانے کے چکر میں اس کا پائوں پھسل گیااوروہ ڈوب گیا۔ گزشتہ3دنوں سے مذکورہ نوجوان کی لاش کو نکالنے کی کارروائی جاری تھی ۔ ریور پولیس پیرزو کے مطابق سخت عرق ریزی کے بعد بالآخر شبیر احمد شیخ کی لاش کو گزر بل چھتہ بل سے جہلم سے برآمد کی گئی۔