پالی تھین سے پاک سرینگر پروگرام کو ہری جھنڈی
سرینگر//جموں وکشمیرکے لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے کہا ہے کہ نوجوان نسل پر’ امن ، خوشحالی اور اتحاد‘ کو یقینی بنانے کی بڑی ذمہ داری ہے۔انہوں نے آزادی کاامرت مہا اوتسوکو اُمیدکی ایک نئی کرن قرار دیتے ہوئے کہاکہ اقوام عالم کویہ پیغام دیناہوگاکہ جموں و کشمیر نے پائیدار امن اور ترقی کے دور کا آغاز کیا ہے۔منوج سنہا نے سنیچر کے روز یہاں یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ڈل جھیل کے کنارے سے سائیکلوتھن ایونٹ ’پیڈل فار ڈل‘اور گھنٹہ گھر لال چوک سے’ رن فار پولی تھین فری سرینگر ‘کو جھنڈی دکھائی۔ سائیکلو تھون میں پیشہ ور سائیکل سواروں کے ساتھ مختلف عمر کے200 سے زائد لڑکے اور لڑکیوںنے شرکت کی۔منوج سنہا کا کہنا تھا کہ ہندوستانی آزادی کی 75 ویں سالگرہ کے تاریخی موقع کی یاد میں ہونے والی تقریبات میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد دنیا بھر میں یہ پیغام دے گی کہ جموں و کشمیر نے پائیدار امن اور ترقی کے دور کا آغاز کیا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ’پیڈل فارڈل‘ جیسی سرگرمیاں’آزادی کا امرت مہااوتسو‘کی تقریبات کو اجاگر کرتی ہیں اور پوری انسانیت کو ایک خوشحال مستقبل کی امید بھی دیتی ہیں جبکہ شہریوں میں ثقافتی اور حب الوطنی کا جذبہ پیدا کرتی ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان عظیم شخصیات کی شراکت اوررول کو تسلیم کریں جنہوں نے ایک پرامن اور خوشحال جموں و کشمیر کی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا اور نئے ہندوستان کی تعمیر کے اپنے عزم کو مضبوط کیا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ اس طرح کی تقریبات کا انعقاد کرتے ہوئے کوویڈ پروٹوکول اور ایس او پیز کی سختی سے پابندی کو یقینی بنائیں۔جھیل ڈل کے کنارے اورگھنٹہ گھرلالچوک میں یہ پروگرام محکمہ یوتھ ، سروسز اور سپورٹس کے زیر اہتمام آزادی کا امرت مہااوتسو کے تحت پروگراموں کی سیریز کا ایک حصہ ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے گھنٹہ گھر سے’ رن فار پولی تھین فری سرینگر ‘ کو جھنڈی دکھانے کے موقعہ پراپنے خطاب میں کہا کہ راستے توڑنے والے اقدام کا مقصد صاف ستھری گلیوں ، جھیلوں اور بستیوںکو یقینی بنانا ہے تاکہ مرکزی علاقے میں بہتر ماحولیاتی استحکام لایا جا سکے۔لیفٹیننٹ گورنر نے ماحول دوست طریقوں کو اپنانے کے لئے لوگوں کی حوصلہ افزائی پر خصوصی زور دیتے ہوئے کہاکہ حکومت نے پالی تھین کے استعمال کو روکنے کےلئے سخت اقدامات کئے ہیں۔واضح رہے کہ لیفٹیننٹ گورنر نے پہلے ہی جموں میونسپل کارپوریشن کو 15 دن طویل مہم ’پلاسٹک فری جموں‘ چلانے کی ہدایت دی تھی۔ ایک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک کے استعمال کو روکنے کے لئے پلاسٹک کو نا کہیں۔سری نگر کو پولی تھین فری زون بنانے کے بنیادی مقصد کے ساتھ پالی تھین کے استعمال کے خلاف شعور پیدا کرنے کے لیے600 شرکاءبشمول طلبائ، کھلاڑیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ریلی شہر کے مختلف علاقوں سے گزری۔