سرینگر//امشی پورہ شوپیان فرضی تصادم میں ملزم قراردئیے گئے سوگن شوپیان کے ایک نوجوان تابش نذیرکے والدنے سوموار کوالزام لگایاکہ راجوری کے تین نوجوان مزدروں کی ہلاکت میں مبینہ طورپرملوث اصل ملزمان کوبچانے کیلئے میرے بیٹے کوقربانی کابکرا بنایاجارہاہے ۔جے کے این ایس کے مطابق پریس کالونی سری نگرمیں دیگر رشتہ دارمردوزن کے ہمراہ احتجاج میں شامل نذیراحمد ملک نے دعویٰ کیاکہ اُس کے بیٹے تابش نذیر کاامشی پورہ جھڑپ سے کوئی لینادینا نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ12اگست کواُسکے بیٹے کی فوج نے گرفتاری عمل میں لائی اورپھراسکو پولیس کے حوالے کیاگیا۔نذیراحمد ملک کاکہناتھاکہ میرابیٹا بے قصور ہے اوراُس کاامشی پورہ مبینہ فرضی تصادم سے کوئی واسطہ نہیں ہے ۔انہوں نے الزام لگایاکہ پولیس کے ایک افسرنے اُن (نذیرملک) سے ایک کورے کاغذ پریہ کہہ دستخط لیاکہ اگراُس نے ایسا نہیں کیا،تواُس کے بیٹے کوجنگجوقراردیاجائیگا۔نذیرملک اوردیگراحتجاجی افرادنے میڈیانمائندوں کوبتایاکہ تابش کوبلاوجہ امشی پورہ جھڑپ کیساتھ جوڑا جارہاہے تاکہ اصل ملزمان کوبچایاجاسکے ۔تابش کی ماں نے اس موقعہ پرکہاکہ اُس کابیٹا بے گناہ اوربے قصورہے اوراُس کوبلاوجہ ملزم بنایاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ تابش مزدوری کرتاہے اوراُس کافرضی جھڑپ سے دورکابھی واسطہ نہیں ہے۔احتجاج میں شامل تابش کے والدین اوردیگررشتہ داروں نے لیفٹنٹ گورنر سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے الزام لگایاکہ ایک منصوبے کے تحت اُن کے بیٹے کوملزم بنایاگیاہے جبکہ وہ بے قصور ہے۔انہوں نے الزام لگایاکہ اصل ملزمان کوبچانے کیلئے تابش کوقربانی کابکرا بنایاجارہاہے ۔