جموں// امر ناتھ یاترا کیلئے یاتریوں کی رجسٹریشن یکم اپریل سے شروع ہو گی ۔ یاترابالہ تل اور چندن واڑی سے بیک وقت شروع ہو گی۔ پورے ملک میں446 نامزد بنک شاخوں، جن میں پنجاب نیشنل بنک کی 316 ، جموں کشمیر بنک کی 90 اور یس بنک کی 40 شاخیں شامل ہیں، کے ذریعے رجسٹریشن کا عمل شروع ہو گا ۔ 56 دنوں تک چلنے والی یاترا 28 جون 2021 سے شروع ہو کر 22 اگست 2021 کو رکھشا بندھن کے دن اختتام پذیر ہو گی ۔ امر ناتھ جی شرائین بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نتیشور کمار نے بتایا کہ مرحلہ وار طریقہ کار ، درخواست فارم اور بنک شاخوں کی فہرست شرائین بورڈ کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے ۔ سی ای او نے کہا کہ صحت سے متعلق سرٹیفکیٹ صرف متعلقہ ریاستی حکومت ، یو ٹی انتظامیہ کے ذریعے نامزد کردہ ڈاکٹروں اور طبی اداروں سے اجراء ہونے والے ہی نامزد شدہ بنک شاخوں میں قبول ہوں گے ۔ طبی جانچ پڑتال کے سرٹیفکیٹ 15 مارچ 2021 سے بعد کے ہونا لازمی قرار دیا گیاہے ۔یاتریوں کے اندراج کیلئے جن اقدامات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے بورڈ کی ویب سائیٹ www.shriamarnathjishrine.com پر دستیاب ہیں ۔ سی ای او نے مزید بتایا کہ 13 سال سے کم یا 75 سال سے زیادہ عمر کے افراد اور چھ ہفتوں سے زیادہ حاملہ خواتین کو یاترا پر جانے کی اجازت نہیں ہو گی ۔ انہوں نے تمام خواہشمند یاتریوں سے اپیل کی کہ وہ پہلے سے اندراج کیلئے ضروری رسمی روایات کو بروقت مکمل کریں اور بروقت یاترا پرمٹ حاصل کریں تا کہ یاترا کے دوران انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ جو یاتری ہیلی کاپٹر کے ذریعے یاترا کے خواہشمند ہوں اُن کو رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہو گی ان کے ہیلی کاپٹر کے ٹکٹ اس مقصد کیلئے کافی ہوں گے تا ہم انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے سفر کرنے کی اجازت سے قبل صحت سے متعلق سی ایچ سی کے مجاز ڈاکٹر کے ذریعے جاری کردہ رپورٹ پیش کرنا ہو گی ۔