واشنگٹن //امریکی کانگریس کے ایوان بالا سینیٹ کے لئے منتخب ہوئے نئے اراکین کو اتوار کے روز کیپیٹل ہل میں حلف دلایا گیا۔امریکہ میں 117 ویں کانگریس کی تشکیل دی جارہی ہے ، جس کے پیش نظر ایوان نمائندگان اور سینیٹ کیسیشن منعقد کئے گئے۔ کانگریس کے ایوان زیریں ہاؤس آف ری پریزینٹیٹیو میں ڈیموکریٹک پارٹی کے 222 ارکان ہیں جبکہ ریپبلکن پارٹی کے 211 ارکان ہیں۔ہاؤس کی اسپیکر نینسی پلوسی کیدو سالہ مدت کار کے لئے دوبارہ منتخب کئے جانے کی امید ہے۔اس دوران سینیٹ کے ریپبلکن پارٹی کے 11 اراکین صدارتی انتخابات کے الیکٹورل کالج کے فیصلے کو چیلنج کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ نومنتخب صدر جو بائیڈن کی انتخابات میں فتح کی تصدیق کرنے کے لئے 6 جنوری کو کانگریس کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا ، جس میں یہ تمام 11 اراکین اپنے مطالبات پیش کریں گے۔ مشترکہ اجلاس میں الیکٹورل کالج ووٹوں کی تصدیق کی جائے گی ،نائب صدر مائک پینس اس اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اس میں ہر صوبے کے الیکٹورل کالج کے ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔ صدارتی انتخابات کے 14 دسمبر کو جاری کردہ سرکاری نتائج کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جوبائیڈن کو 306 الیکٹورل ووٹ ملے ہیں جبکہ ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے 232 ووٹ حاصل کئے ہیں۔ مسٹر ٹرمپ انتخابات میں شکست قبول کرنے سے انکار کرتے رہے ہیں۔