عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//ہندوستان میں امریکہ کے سفیر سرجیو گور نے جمعرات کو مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے ملی ٹینسی سے نمٹنے اور دونوں ممالک میں مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں گور نے کہا کہ گفتگو کا مرکز عوام کو منشیات اور غیر قانونی منشیات سے محفوظ رکھنے اور سرحدی سلامتی کو مزید موثر بنانے پر تھا۔انہوں نے لکھا کہ وزیرِ داخلہ امت شاہ کے ساتھ نہایت اچھی ملاقات ہوئی، ہم نے ملی ٹینسی کے خلاف اقدامات، اپنے عوام کو منشیات اور غیر قانونی ڈرگز سے محفوظ رکھنے، سرحدوں کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک میں مجرموں کو انصاف کے کٹہرے تک پہنچانے کے لیے تعاون بڑھانے پر مفید بات چیت کی۔سرجیو گور فرانس کے شہر ایویان میں منعقدہ جی 7 سربراہی اجلاس سے واپسی کے فورا ًبعد امت شاہ سے ملے۔
ایک اور پوسٹ میں انہوں نے وزیرِ اعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اپنی ایک تصویر بھی شیئر کی اور ملاقات کو نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ “امریکہ اور ہندوستان کے درمیان کئی مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔وزیرِ اعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان دوطرفہ ملاقات کے دوران ہندوستان اور امریکہ نے مختلف اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی۔ گور نے ایک پوسٹ میں بتایا کہ جی 7 سربراہی اجلاس کے موقع پر دونوں رہنمائوں نے تجارت، علاقائی سلامتی اور اقتصادی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے حوالے سے اہم تبادلہ خیال کیا۔فرانس میں جی 7 اجلاس کے دوران ہونے والی اس ملاقات میں دونوں ممالک نے عبوری دوطرفہ تجارتی معاہدے سے متعلق مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق، اس سلسلے میں امریکی تجارتی نمائندہ جیمیسن گریر جلد ہی ہندوستان کا دورہ کریں گے۔